حیاۃ الصحابہ اردو جلد 2 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
۵۔ اے فاطمہ! حضرت محمد ﷺ کا ربّ اللہ تعالیٰ اس قبر پر رحمت بھیجے جو یثرِب میں آپ کا ٹھکانا بنی ہے۔ ۶۔ میں حضرت حسنؓ کو دیکھ رہی ہوں کہ آپ نے اسے یتیم کر دیا، اور اسے اس حال میں چھوڑ دیا کہ وہ رو رو کر دور چلے جانے والے اپنے نانا کو پکار رہا ہے۔ ۷۔ میری ماں، خالہ، چچا اور میری جان اور میری آل اولاد سب اللہ کے رسولﷺ پر قربان ہیں۔ ۸۔ آپ نے صبر فرمایا اور انتہائی صداقت کے ساتھ آپ نے اللہ کا پیغام پہنچا دیا۔ او ر آپ کا انتقال اس حال میں ہو ا کہ آپ دین میں مضبوط اور آپ کی ملّت واضح اور آپ کا دین بالکل صاف ستھرا ہے۔ ۹۔ اگر عرش کا مالک آپ کو ہم میں باقی رکھتا تو ہم بڑے خوش قسمت ہوتے، لیکن (آپ کے انتقال فرمانے کا) اللہ کا فیصلہ پورا ہو کر رہا۔ ۱۰۔ اللہ کی طرف سے آپ پر سلام اور تحیہ ہو اور آپ کو خوشی خوشی جناتِ عدن میں داخل کیا جائے۔1 حضرت محمد بن علی بن الحسینؓ فرماتے ہیں: جب حضورﷺ کا انتقال ہوا تو حضرت صفیہؓ (حضورﷺ کے سامنے) اپنی چادر سے اشارہ کر کے یہ شعر پڑھ رہی تھیں جس کا ترجمہ یہ ہے: آپ کے بعد پریشان کن حالات اور سخت مصیبتیں پیش آگئی ہیں، اگر آپ اس موقع پر تشریف فرما ہوتے تو یہ حالات اور مصیبتیں اتنی زیادہ نہ ہوتیں۔1 حضرت غنیم بن قیسؓ فرماتے ہیں: جب نبی کریم ﷺ کا انتقال ہوا تو میں نے اپنے والد کو سنا کہ وہ یہ اشعار پڑھ رہے تھے جن کا ترجمہ یہ ہے: ۱۔ ہوش سے سنو! حضرت محمدﷺ کے تشریف لے جانے کی وجہ سے میں ہلاک ہوگیا۔ حضورﷺ کی زندگی میں میرا خاص ٹھکانا تھا۔ ۲۔ جہاں میں ساری رات صبح تک امن وچین سے گزارتا تھا۔2صحابۂ کرام ؓ کا حضورﷺ کو یاد کر کے رونا حضرت زید بن اسلم ؓ کہتے ہیں: ایک رات حضرت عمر بن خطّابؓ دیکھ بھال کرنے نکلے تو انھوں نے ایک گھر میں چراغ جلتے ہوئے دیکھا۔ وہ اس گھر کے قریب گئے تو دیکھا کہ ایک بڑھیا کاتنے کے لیے اپنا اُون تیر سے دُھن رہی ہے اور حضورﷺ کو یاد کر کے یہ اشعار پڑھ رہی ہے جن کا ترجمہ یہ ہے: ۱۔ حضرت محمد ﷺ پر نیک لوگوں کا درود ہو۔ (یارسول اللہ!) آپ پر چنے ہوئے بہترین لوگ درود بھیجیں۔