حیاۃ الصحابہ اردو جلد 2 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
دروازے کے سامنے کھڑے ہو کر اجازت مت مانگو۔ ایک روایت میں یہ ہے کہ حضرت سعدؓ فرماتے ہیں کہ حضورﷺ گھر میں تھے، میں آکر دروازے کے سامنے کھڑا ہوگیا اور میں نے اجازت مانگی۔ حضورﷺ نے فرمایا: ذرا پرے ہٹ جاؤ۔ (میں پرے ہٹ گیا) اور پھر آکر میں نے اجازت مانگی۔ حضورﷺ نے فرمایا: اِجازت لینے کی ضرورت تو صرف نگاہ ہی کی وجہ سے ہوتی ہے۔4 حضرت انس بن مالک ؓ فرماتے ہیں کہ ایک آدمی نے حضورﷺ کے ایک حجرہ میں جھانکا (حضورﷺ نے دیکھ لیا)۔ حضورﷺ ایک تیر یا کئی تیر کے پھل لے کر اس کی طرف کھڑے ہو کر لپکے، میں آپ کو دیکھ رہا تھا کہ گویا آپ اسے اچانک چوکے مارنے کے لیے موقع تلا ش کر رہے تھے۔5 حضرت سہل بن سعد ساعدیؓ فرماتے ہیں کہ ایک آدمی نے حضورﷺ کے دروازے کے سوراخ میں سے جھانکا۔ اس وقت حضورﷺ کے ہاتھ میں ایک کنگھی تھی جس سے آپ سر کھجا رہے تھے۔ جب حضورﷺ نے اسے (جھانکتے ہوئے دیکھ لیا) تو فرمایا: اگر مجھے پتا ہوتا کہ تم مجھے دیکھ رہے ہو تو میں یہ کنگھی تمہاری آنکھ میں مار دیتا۔ نگاہ کی وجہ سے ہی اجازت لینے کا حکم دیا گیا ہے۔1 حضرت ابو سعید خدریؓ فرماتے ہیں کہ میں انصار کی ایک مجلس میں بیٹھا ہوا تھا کہ اتنے میں حضرت ابو موسیٰؓ گھبرائے ہوئے آئے اور کہنے لگے: میں نے حضرت عمرؓ سے تین مرتبہ اجازت مانگی لیکن مجھے اجازت نہ ملی، آخر میں واپس آگیا۔ حضرت عمر نے (حضرت ابوموسیٰ کو بلایا اور) فرمایا: آپ اندر کیوں نہیں آگئے؟ حضرت ابو موسیٰ نے کہا: میں نے تین مرتبہ اجازت مانگی تھی لیکن مجھے اجازت نہ ملی تو میں واپس آگیا، اور حضورﷺ نے فرمایاہے کہ جب تم میں سے کوئی تین مرتبہ اجازت مانگے اور اسے اجازت نہ ملے تو اسے چاہیے کہ وہ واپس چلا جائے۔ حضرت عمر نے کہا: تمھیں اس پر گواہ پیش کرنے ہوں گے۔ کیا آپ لوگوں میں سے کسی نے حضورﷺ سے یہ بات سنی ہے؟ حضرت اُبیّ ؓ نے فرمایا: (ہم سب نے حضورﷺ سے یہ حدیث سنی ہے اس لیے) آپ کو یہ حدیث سنانے کے لیے ہم لوگوں میں سے سب سے کم عمر آدمی ہی کھڑا ہوگا۔ میں سب سے چھوٹا تھا میں نے کھڑے ہو کر حضرت عمر کو بتایا کہ حضورﷺ نے یہ بات ارشاد فرمائی تھی۔2 حضرت عبید بن عمیر راوی نے حضرت عمرؓ کا یہ جملہ نقل کیا ہے کہ حضورﷺ کی یہ بات مجھ سے واقعی چھپی رہی، بس بازاروں میں خرید وفروخت میں مشغول رہا۔3 حضرت ابو موسیٰؓ فرماتے ہیں: میں نے حضرت عمرؓ کی خدمت میں حاضر ہونے کے لیے تین مرتبہ اجازت مانگی مجھے اجازت