حیاۃ الصحابہ اردو جلد 2 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
حضرت ابو محذورہ ؓ فرماتے ہیں کہ میں حضرت عمر بن خطاب ؓ کے پاس بیٹھا ہوا تھا کہ اتنے میں حضرت صفوان بن اُمیّہؓ ایک پیالہ لے کر آئے اور حضرت عمر کے سامنے رکھ دیا۔ حضرت عمر نے مسکینوں کو اور آس پاس کے لوگوں کے غلاموں کو بلایا اور ان سب نے حضرت عمر کے ساتھ یہ کھاناکھایا اور پھر حضرت عمر نے فرمایا: اﷲ تعالیٰ ان لوگوں پر لعنت کرے جو اس بات سے اعراض کرتے ہیں کہ ان کے غلام ان کے ساتھ کھانا کھائیں۔ حضرت صفوان نے کہا: ہمیں ان کے ساتھ کھانے سے انکار نہیں، لیکن ہمیں عمدہ کھانا اتنا نہیں ملتا جو ہم خود بھی کھالیں اور انھیں بھی کھلا دیں، اس لیے ہم کھانا الگ بیٹھ کر کھا لیتے ہیں۔2 امام مالک بن انس ؓ فرماتے ہیں کہ مجھے یہ بتایا گیا کہ حضرت ابنِ عمرؓ نے ایک مرتبہ جُحفہ مقام پر پڑائو ڈالا تو ابنِ عامر بن کریز ؓ نے اپنے نانبائی سے کہا: تم اپنا کھانا حضرت ابنِ عمر کے پاس لے جائو۔ وہ پیالہ لے کر گیا۔ حضرت ابنِ عمر نے کہا: رکھ دو۔ وہ نانبائی دوسرا پیالہ لے کر گیا اور پہلا پیالہ اُٹھانے لگا۔ حضرت ابنِ عمر نے کہا: کیاکرنے لگے ہو؟ اس نے کہا: میں اس پیالے کو اُٹھانے لگا ہوں۔ حضرت ابنِ عمر نے کہا: نہیں، دوسرے میں جو کچھ ہے وہ پہلے میںہی ڈال دو۔ چناںچہ وہ نانبائی جو بھی لاتا اسے پہلے میں ڈلواتے۔ وہ نانبائی غلام جب ابنِ عامر کے پاس گیا تو اس نے کہا: یہ تو اُجڈدیہاتی ہیں۔ حضرت ابنِ عامر نے اس سے کہا: یہ تمہارے سردارہیں، یہ حضرت ابنِ عمرؓ ہیں۔3 حضرت جعفر ؓکہتے ہیں کہ حضرت ابنِ عباسؓ انار کا ایک دانہ لیتے اور اسے کھالیتے۔ کسی نے ان سے کہا: اے ابنِ عباس! آپ ایسا کیوں کرتے ہیں؟ حضرت ابنِ عباس نے فرمایا: مجھے یہ خبر پہنچی ہے کہ زمین میں جو انار بھی اُگتا ہے اس میں جنت کا ایک دانہ ضرور ہوتا ہے، تو میں ایک ایک دانہ اس خیال سے کھاتا ہوں کہ شاید جنت والا دانہ یہی ہو۔1 حضرت زید بن صُوحان ؓ کے غلام حضرت سالم ؓکہتے ہیں کہ میں اپنے آقا حضرت زید بن صُوحان کے ساتھ بازار میں تھا۔ حضرت سلمان فارسیؓ ہمارے پاس سے گزرے۔ انھوں نے ایک وسق (ساٹھ صاع یعنی سوا پانچ من) غلہ خرید رکھا تھا۔ حضرت زید نے ان سے کہا: اے اﷲ کے بندے! آپ حضورﷺ کے ساتھی ہو کر یہ کر رہے ہیں (اتنا غلہ جمع کر رہے ہیں؟) حضرت سلمان نے کہا کہ انسان جب اپنی روزی جمع کر لیتا ہے تو اس کا نفس مطمئن ہو کر عبادت کے لیے فارغ ہو جاتا ہے اور وسوسہ ڈالنے والا شیطان اس سے نااُمید ہو جاتا ہے۔2 حضرت ابو عثمان نہدی ؓکہتے ہیں کہ حضرت سلمان فارسیؓ نے فرمایا: میں اپنے ہاتھ سے کما کر کھانے کو پسند کرتا ہوں۔3 حضرت ابو ہریرہؓ فرماتے ہیں کہ میرے پاس پندرہ کھجوریں تھیں۔ پانچ کھجوریں میں نے افطاری میں کھائیں اور پانچ سحری