حیاۃ الصحابہ اردو جلد 2 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
کہ میں ان لوگوں میں سے ہو جاؤں جن کو دائیں ہاتھ میں اعمال نامے ملیں گے، بلکہ مجھے تو مقرّبین میں سے ہونا زیادہ پسند ہے۔ حضرت عبد اللہ نے فرمایا: یہاں تو ایک آدمی ایسا ہے جو یہ چاہتا ہے کہ مرنے کے بعد اسے دوبارہ زندہ ہی نہ کیا جائے (بلکہ اسے بالکل ہی ختم کر دیا جائے)۔ اس سے وہ اپنی ذات مراد لے رہے تھے (اپنے آپ کو تواضعاً جنت کا مستحق نہیں سمجھتے تھے)۔4 حضرت حسن ؓکہتے ہیں کہ حضرت عبد اللہ بن مسعود ؓ نے فرمایا: اگر مجھے جنت اور جہنم کے درمیان کھڑا کر کے یہ کہا جائے کہ تم پسند کرلو چاہے جنت اور جہنم میں سے کسی میں چلے جاؤ ، چاہے راکھ بن جاؤ، تو میں راکھ بن جانے کو پسند کروں گا۔5 حضرت ابو ذر ؓ نے فرمایا: اللہ کی قسم! جو کچھ میں جانتا ہوں اگر تم وہ جان لو تو تم اپنی بیویوں سے بے تکلف نہ ہوسکو اور تمھیں بستروں پر سکون نہ ملے۔ اللہ کی قسم! میری آرزو ہے کہ کاش! اللہ تعالیٰ مجھے درخت بناتے جسے کاٹ دیا جاتا اور جس کے پھل کھا لیے جاتے۔1 حضرت حزام بن حکیم ؓکہتے ہیں کہ حضرت ابو درداء ؓ نے فرمایا کہ تم نے جو کچھ مرنے کے بعد دیکھنا ہے اگر تمھیں اب اس کا یقین ہو جائے تو نہ مزے لے کر کھانے کھاؤ اور نہ مزے لے کر کچھ پیو اور نہ گھروں کے سائے میں بیٹھ سکو، بلکہ میدانوں کی طرف نکل جاؤ اور اپنے سینوں کو پِیٹ پِیٹ کر اپنی جانوں پر روتے رہو۔ اور میری آرزو ہے کہ کاش! میں درخت ہوتا جسے کاٹ کر اس کا پھل کھا لیا جاتا۔2 حضرت ابو درداء ؓ فرماتے ہیں: میری آرزو ہے کہ کاش! میں اپنے گھر والوں کا مینڈھا ہوتا۔ ان کا کوئی مہمان آتا اور وہ میری رگوں پر چھری پھیر کر مجھے ذبح کر لیتے، خود بھی میرا گوشت کھاتے اور مہمان کو بھی کھلاتے۔3 حضرت عبد اللہ بن عمر ؓ فرماتے ہیں: میری آرزو ہے کہ کاش! میں یہ والا ستون ہوتا۔4 حضرت طاؤس ؓکہتے ہیں کہ حضرت معاذ بن جبل ؓ ہمارے علاقے میں تشریف لائے تو ہمارے بڑوں نے ان سے کہا کہ اگر آپ ارشاد فرمائیں تو ان پتھروں اور لکڑیوں کو جمع کر کے آپ کے لیے ایک مسجد بنا دیں؟ انھوں نے فرمایا: مجھے اس بات کا ڈر ہے کہ کہیں قیامت کے دن اس مسجد کو پشت پر اٹھانے کا مجھے مکلف نہ بنا دیا جائے۔5 حضرت نافع ؓکہتے ہیں کہ حضرت ابنِ عمر ؓ کعبہ کے اندر تشریف لے گئے تو میں نے سنا کہ وہ سجدے میں پڑے ہوئے یہ کہہ رہے تھے: (اے اللہ!) تو جانتا ہے کہ صرف تیرے ڈر کی وجہ سے میں نے قریش سے اس دنیا کے بارے میں مزاحمت نہیں کی۔6