حیاۃ الصحابہ اردو جلد 2 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
اسے جنت کی بشارت دی۔ صحابہ نے عرض کیا: یا رسول اللہ! کیایہ بشارت ہم میں سے صرف اسی کے لیے ہے؟ حضورﷺ نے فرمایا: کیا تم نے اللہ تعالیٰ کا یہ ارشاد نہیں سنا: {ذٰلِکَ لِمَنْ خَافَ مَقَامِیْ وَخَافَ وَعِیْدِ o}1 (اور) یہ ہر اس شخص کے لیے (عام) ہے جو میرے روبہ رو کھڑے ہونے سے ڈرے اور میری وعید سے ڈرے۔2 حضرت سعید بن مسیب ؓ فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ حضرت عمر بن خطابؓ بیمار ہوئے۔ حضورﷺ عیادت کے لیے ان کے ہاں تشریف لے گئے۔ حضورﷺ نے فرمایا: اے عمر! اپنے آپ کو کس حال پر پا رہے ہو؟ انھوں نے عرض کیا: (اللہ کے فضل و کرم کی) اُمید بھی لگائے ہوئے ہوں اور (اپنے اعمال کی وجہ سے) ڈر بھی رہا ہوں۔ حضورﷺ نے فرمایا: جس مؤمن کے دل میںاُمیداور خوف جمع ہو جاتے ہیں تو اللہ تعالیٰ اس کی اُمید کو پورا کردیتے ہیں، اور جس چیز سے ڈرتا ہے اس سے اسے بچا لیتے ہیں۔3 حضرت حسن ؓ فرماتے ہیں کہ حضرت ابو بکر صدیق ؓ نے فرمایا: کیا تم نے نہیں دیکھا کہ اللہ تعالیٰ جہاں سختی اور تنگی کی آیت ذکر کرتے ہیں وہاں اس کے قریب ہی نرمی اور وسعت کی آیت بھی ذکر کرتے ہیں، اور جہاں نرمی اور وسعت کی آیت ذکر کرتے ہیں وہاں اس کے قریب ہی سختی اور تنگی کی آیت بھی ذکر کرتے ہیں تاکہ مؤمن کے دل میں رغبت اور ڈر دونوں ہوں۔ اور (بے خوف ہو کر) اللہ سے ناحق تمنائیں نہ کرنے لگے اور (نااُمید ہو کر) خود کو ہلاکت میں نہ ڈال دے۔4 اور خُلَفاکے خوف کے باب میں حضرت ابو بکر اور حضرت عمر ؓ کے خوف کے قصے گزر چکے ہیں۔ حضرت عبد اللہ بن رومی ؓکہتے ہیں کہ مجھے یہ بات پہنچی ہے کہ حضرت عثمان ؓ نے فرمایا: اگر مجھے جنت اور دوزخ کے درمیان کھڑا کر دیا جائے، اور مجھے معلوم نہ ہو کہ دونوں میں سے کس طرف جانے کا حکم ملے گا، تو اس بات کے جاننے سے پہلے ہی مجھے راکھ بن جانا پسند ہوگا کہ دونوں میں سے کس طرف مجھے جانا ہے۔1 حضرت ابو عبیدہ بن جرّاح ؓ فرماتے ہیں: کاش! میں مینڈھا ہوتا، میرے گھر والے مجھے ذبح کرتے، پھر میرا گوشت کھا لیتے اور میرا شوربا پی لیتے۔ حضرت عمران بن حصین ؓ فرماتے ہیں: کاش! میں ایک ٹیلہ پر پڑی ہوئی راکھ ہوتا جسے آندھی والے دن ہوا اڑا دیتی۔2 حضرت قتادہ ؓ کہتے ہیں کہ مجھے یہ بات پہنچی ہے کہ حضرت عمران بن حصین ؓ نے فرمایا: کاش! میں راکھ ہوتا جسے ہوائیں اڑا لے جاتیں۔3 حضرت عامر بن مسروق ؓکہتے ہیں کہ حضرت عبد اللہ ؓ کے سامنے ایک آدمی نے کہا: مجھے صرف اتنی بات پسند نہیں ہے