حیاۃ الصحابہ اردو جلد 2 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
سے اللہ کی رحمت اُترتی ہے اور یہ تمہارے نبی کریم ﷺ کی دعا ہے۔ اے اللہ! معاذ کو اور اس کے گھر والوں کو اپنی اس رحمت میں سے حصہ عطا فرما۔ حضرت ابو قلابہ کہتے ہیں: یہ تو میں سمجھ گیا کہ طاعون سے شہادت کا درجہ ملتا ہے اور رحمت اترتی ہے، لیکن اس بات کا مطلب نہ سمجھ سکا کہ طاعون تمہارے نبی کی دعا ہے، یہاں تک کہ کسی نے مجھے بتایا کہ حضورﷺ ایک رات نماز پڑھ رہے تھے، پھر آپ نے یہ دعا تین مرتبہ مانگی: اے اللہ! پھر یا تو بخار ہو یا طاعون ہو۔ صبح کو حضورﷺ کے گھر والوں میں سے کسی نے حضور ﷺ سے کہا: یا رسول اللہ! آج رات میں نے آپ کو ایک خاص دعا مانگتے ہوئے سنا ہے۔ حضورﷺ نے فرمایا: اچھا! تم نے وہ دعا سن لی؟ اس نے کہا: جی ہاں۔ حضورﷺ نے فرمایا: میں نے اپنے رب سے یہ دعا کی کہ میری اُمت قحط سالی سے ہلاک نہ ہو، اللہ تعالیٰ نے یہ دعا قبول فرمالی۔ اور میں نے یہ دعا مانگی کہ ان پر ایسا دشمن مسلط نہ ہو جو اُن کو جڑ سے اُکھیڑ دے اور بالکل ختم کر دے۔ اور یہ بھی دعا کی کہ ان کا آپس میں اختلاف نہ ہو، ان کے مختلف گروہ نہ بنیں اور ان میں آپس میں لڑائی نہ ہو۔ لیکن یہ آخری دعا قبول نہ ہوئی اور اس کا مجھے انکار ہوگیا۔ اس پر میں نے تین مرتبہ عرض کیا کہ پھر میری اُمت کو بخار ہو یا طاعون۔1 حضرت عروہ بن زبیر ؓ فرماتے ہیں کہ طاعونِ عمواس (ملکِ شام کی ایک جگہ کا نام ہے) سے حضرت ابو عبیدہ بن جرّاحؓ اور ان کے گھر والے بچے ہوئے تھے، تو انھوں نے یہ دعا مانگی: اے اللہ! ابو عبیدہ کے گھر والوں کو (اس بیماری میں سے) حصہ نصیب فرما۔ چناںچہ حضرت ابو عبیدہ کی چھوٹی انگلی میں طاعون کی پھنسی نکل آئی تو وہ اسے دیکھنے لگے، کسی نے کہا کہ یہ تو (چھوٹی سی ہے) کچھ بھی نہیں ہے۔ تو فرمایا: مجھے اللہ کی ذات سے اُمید ہے کہ وہ اس پھنسی میں برکت نصیب فرمائیں گے اور جب اللہ تعالیٰ تھوڑی چیز میں برکت ڈالتے ہیں تو وہ زیادہ ہوجاتی ہے۔2 حضرت حارث بن عمیرہ حارثی ؓ کہتے ہیں کہ حضرت ابو عبیدہ بن جرّاح ؓ کو طاعون کی بیماری ہوئی تو حضرت معاذ بن جبلؓ نے حضرت حارث کو حال پوچھنے کے لیے حضرت ابو عبیدہ کی خدمت میں بھیجا۔ حضرت ابو عبیدہ نے حضرت حارث کو طاعون کی پھنسی دکھائی جو اُن کی ہتھیلی میں نکلی ہوئی تھی۔ حضرت حارث نے جب یہ پھنسی دیکھی تو وہ ڈر گئے کیوںکہ انھیں یہ پھنسی بڑی معلوم ہوئی۔ اس پر حضرت ابو عبیدہ نے اللہ کی قسم کھا کر کہا کہ مجھے یہ بالکل پسند نہیںکہ مجھے اس پھنسی کی جگہ سرخ اُونٹ مل جائیں۔3