حیاۃ الصحابہ اردو جلد 2 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
حضرت عبد اللہ بن عمرؓ فرماتے ہیں کہ قریش کے تین آدمی ایسے ہیں جن کے چہرے سب سے زیادہ خوب صورت، جن کے اخلاق سب سے عمدہ اور جن میں حیا سب سے زیادہ ہے۔ وہ حضرت ابوبکر، حضرت عثمان اور حضرت ابو عبیدہ ؓ ہیں۔1 حضرت حسنؓ فرماتے ہیں کہ حضورﷺ نے فرمایا: میں اپنے صحابہ میں سے جس کے اخلاق پر گرفت کرنا چاہوں تو کر سکتا ہوں، بس ایک ابو عبیدہ بن جرّاح ایسے ہیں کہ ان کی گرفت نہیں کر سکتا۔2 حضرت عبد الرحمن بن عثمان قریشیؓ فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ حضورﷺ اپنی بیٹی کے پاس تشریف لے گئے وہ (اپنے خاوند) حضرت عثمان کا سر دھو رہی تھیں۔ حضورﷺ نے فرمایا: اے بِٹیا! ابو عبد اللہ (یعنی حضرت عثمانؓ) کے ساتھ اچھا سلوک کیا کرو، کیوںکہ میرے صحابہ میں سے سب سے زیادہ ان کے اخلاق مجھ سے مشابہ ہیں۔3 حضرت ابوہریرہؓ فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ میں حضورﷺ کی بیٹی، حضرت عثمانؓ کی اہلیہ محترمہ حضرت رقیہؓ کے پاس گیا ان کے ہاتھ میںکنگھی تھی۔ انھوں نے کہا: ابھی حضور ﷺ میرے پاس سے باہر تشریف لے گئے ہیں میں ان کے سر کے بالوں میں کنگھی کر رہی تھی۔ حضورﷺ نے فرمایا: تم نے ابو عبد اللہ (یعنی حضرت عثمانؓ) کو کیسا پایا؟ میں نے کہا: بہت اچھا۔ حضورﷺ نے فرمایا: ان کا اکرا م کرتی رہو، کیوںکہ وہ اخلاق میں میرے صحابہ میں سے میرے سب سے زیادہ مشابہ ہیں۔4 حضور ﷺ کے آزادکردہ غلام حضرت اسلمؓ کے صاحب زادے حضرت عبد اللہ ؓ فرماتے ہیں کہ حضورﷺ نے حضرت جعفرؓ سے فرمایا: تم صورت اور اخلاق میں میرے مشابہ ہو۔5 حضرت علیؓ فرماتے ہیں کہ میں، حضرت جعفر اور حضرت زید تینوں نبی کریمﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ حضورﷺ نے حضرت زیدؓ سے فرمایا: تم ہمارے بھائی اور محبت کرنے والے ساتھی ہو۔ یہ سن کر حضرت زید (خوشی کے مارے) وجد میں آکر اچھلنے لگ گئے۔ پھر حضورﷺ نے حضرت جعفرؓ سے فرمایا: تم صورت اور سیرت میں میرے مشابہ ہو۔ اس پر حضرت جعفر حضرت زید سے زیادہ اچھلے۔ پھر حضورﷺ نے مجھ سے فرمایا: تم مجھ سے ہو اور میں تم سے ہوں۔ یہ سن کر میں حضرت جعفر سے بھی زیادہ اچھلا۔1 حضرت اسامہ بن زیدؓ فرماتے ہیں کہ نبی کریمﷺ نے حضرت جعفرؓ سے فرمایا: تمہارے اخلاق میرے اخلاق جیسے ہیں اور تمہاری شکل وصورت مجھ سے ملتی جلتی ہے، لہٰذا تم مجھ سے ہو۔ اور اے علی! تم مجھ سے ہو اور میرے بیٹوں یعنی نواسوں کے والد ہو۔2 حضرت عبد اللہ بن جعفرؓ فرماتے ہیں: میں نے حضورﷺ سے ایسی بات سنی ہے کہ مجھے یہ بالکل پسند نہیں ہے کہ اس