حیاۃ الصحابہ اردو جلد 2 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
عام صحابہ ہوتے تھے۔ تو کسی نے حضرت عمرو سے کہا: حضورﷺ آپ کو امیر بناتے تھے اور اپنے قریب کرتے تھے اور آپ سے محبت کرتے تھے۔ حضرت عمرو نے کہا: حضورﷺ واقعی مجھے امیر بنایا کرتے تھے، لیکن مجھے یہ معلوم نہیں کہ حضورﷺ اس طرح میرا دل لگانے کے لیے فرماتے تھے یا واقعی حضورﷺ کو مجھ سے محبت تھی، لیکن میں تمھیں ایسے دو آدمی بتاتا ہوں جب حضورﷺ کا انتقال ہوا اس وقت حضورﷺ کو ان سے محبت تھی: ایک حضرت عبد اللہ بن مسعود، اور دوسرے حضرت عمار بن یاسرؓ۔2 ابنِ سعد کی روایت میں اس کے بعد یہ مضمون ہے کہ لوگوں نے کہا: اللہ کی قسم! یہ (عمار بن یاسرؓ) جنگِ صفّین کے دن آپ لوگوں کے ہاتھو ں قتل ہوئے تھے۔ حضرت عمروؓ نے کہا: آپ لوگ ٹھیک کہہ رہے ہیں واقعی وہ ہمارے ہاتھوں قتل ہوئے تھے۔3 حضرت اُسامہ بن زیدؓ فرماتے ہیں: میں (حضورﷺ کے دروازے پر) بیٹھا ہوا تھا کہ اتنے میں حضرت علی اور حضرت عباسؓ اندر جانے کی اجازت لینے آئے اور یوں کہا: اے اُسامہ! اندر جا کر حضورﷺ سے ہمارے لیے اجازت لے آؤ۔ میں نے اندر جا کر کہا: یارسول اللہ! حضرت علی اور حضرت عبا س اندر آنے کی اجازت چاہ رہے ہیں۔ حضورﷺ نے فرمایا: تمھیں معلوم ہے وہ دونوں کیوں آئے ہیں؟ میں نے کہا: نہیں۔ حضورﷺ نے فرمایا: مجھے معلوم ہے، انھیں اندر بھیج دو۔ ان دونوں نے اندر آکر عرض کیا: یا رسول اللہ! ہم آپ سے یہ پوچھنے آئے ہیں کہ آپ کو اپنے رشتہ داروں میں سے سب سے زیادہ محبوب کون ہے؟ آپ نے فرمایا: فاطمہ بنتِ محمدؓ۔ انھوں نے کہا: ہم آپ کے گھر والوں کے بارے میں نہیں پوچھ رہے ہیں۔ حضورﷺ نے فرمایا: مجھے لوگوں میں سب سے زیادہ محبو ب وہ شخص ہے جس پر اللہ تعالیٰ نے انعام فرمایا ہے اور میں نے بھی اس پر انعام کیا ہے، اور وہ ہے اُسامہ بن زید۔ ان دونوں حضرات نے کہا: ان کے بعد کون؟ حضورﷺ نے فرمایا: پھر علی بن ابی طالب۔ اس پر حضرت عباس نے کہا: یا رسول اللہ! آپ نے اپنے چچا کو تو سب سے آخر میں کر دیا۔ حضورﷺ نے فرمایا: علی نے آپ سے پہلے ہجرت کی ہے (اور ہمارے ہاں درجہ دین کی محنت کے مطابق بنتا ہے)۔1 حضرت عمرو بن عاصؓ فرماتے ہیں: کسی نے پوچھا: یا رسول اللہ! آپ کو لوگوں میں سب سے زیادہ محبوب کون ہے؟ حضورﷺ نے فرمایا: حضرت عائشہؓ۔ اس آدمی نے پوچھا: اور مردوں میں سے کون؟ حضورﷺ نے فرمایا: ابوبکر۔ اس آدمی نے پوچھا: پھر کون؟ آپ نے فرمایا: ابو عبیدہؓ۔2 حضرت عمرو بن عاصؓ فرماتے ہیں: میں نے پوچھا: یا رسول اللہ! آپ کو لوگوں میں سے سب سے زیادہ محبوب کون ہے؟