حیاۃ الصحابہ اردو جلد 2 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
حسنؓ بیٹھے ہوئے تھے اور دوسرے کندھے پر حضرت حسینؓ بیٹھے ہوئے تھے۔ آپ کبھی اسے چومتے اور کبھی اسے۔ آپ یوں ہی چلتے چلتے ہمارے پاس پہنچ گئے تو ایک آدمی نے کہا: یا رسول اللہ! آپ کو ان دونوں سے محبت ہے؟ حضور ﷺ نے فرمایا: جس نے ان دونوں سے محبت کی اس نے مجھ سے محبت کی، اور جس نے ان دونوں سے بغض رکھا اس نے مجھ سے بغض رکھا۔3 حضرت معاویہؓ فرماتے ہیں کہ میں نے دیکھا کہ حضورﷺ حضرت حسن بن علیؓ کی زبان اور ہونٹ کو چوس رہے تھے، اور جس زبا ن اور ہونٹ کو حضورﷺ نے چوسا ہو اُسے کبھی عذاب نہیں ہو سکتا۔4 حضرت سائب بن یزید ؓ فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ نبی کریمﷺ نے حضرت حسن ؓ کا بوسہ لیا تو اقرع بن حابسؓ نے حضورﷺ سے عرض کیا: میرے تو دس بچے پیدا ہوئے، میں نے تو ان میں سے ایک کا بھی کبھی بوسہ نہیں لیا۔ حضورﷺ نے فرمایا: جو لوگوں پر رحم نہیں کرتا اللہ تعالیٰ اس پر رحم نہیں فرماتے۔1 حضرت اسود بن خلف ؓ فرماتے ہیں: ایک مرتبہ حضورﷺ نے پکڑ کر حضرت حسن کا بوسہ لیا پھر لوگوں کی طرف متوجہ ہو کر فرمایا: آدمی اولاد کی وجہ سے کنجوسی کرتا ہے اور نادانی والے کام کرتا ہے (بچوں کی وجہ سے لڑ پڑتا ہے) اور اولاد کی وجہ سے آدمی بزدلی اختیار کر لیتا ہے (کہ میں مر گیا تو میرے بعد بچوں کا کیا ہوگا؟)۔2 حضرت انسؓ فرماتے ہیں: حضورﷺ اپنے اہل وعیال کے ساتھ سب لوگوں سے زیادہ شفقت کرتے تھے۔ حضورﷺ کا ایک صاحب زادہ تھا جو مدینہ کے کنارے کے محلہ میں کسی عورت کا دودھ پیا کرتا تھا۔ اس عورت کا خاوند لوہار تھا۔ ہم اسے ملنے جایا کرتے تو اس لوہار کا سارا گھر بھٹی میں اِذخر گھاس جلانے کی وجہ سے دھوئیں سے بھرا ہوا ہوتا۔ حضورﷺ اپنے اس بیٹے کو چوما کرتے تھے اور ناک لگا کر اسے سونگھا کرتے۔3 حضرت انسؓ فرماتے ہیں: ایک عورت اپنی دو بیٹیاں لے کر حضرت عائشہؓ کے پاس آئی۔ حضرت عائشہؓ نے اسے تین کھجوریں دیں اس نے ہر بیٹی کو ایک کھجور دی اور ایک کھجور اپنے منہ میں رکھنے لگی۔ وہ دونوں بچیاں اسے دیکھنے لگیں۔ اس پر اس نے (اس کھجور کو نہ کھایا بلکہ) اس کھجور کے دو ٹکڑے کر کے ہر ایک کو ایک ایک ٹکڑا دے دیا اور چلی گئی۔ پھر حضور ﷺ تشریف لائے تو اس عورت کا یہ قصہ انھوں نے حضورﷺ کو بتایا۔ حضورﷺ نے فرمایا: وہ اپنے اس (مشفقانہ رویہ کی) وجہ سے جنت میں داخل ہوگئی ہے ۔4 حضرت حسن بن علیؓ فرماتے ہیں: ایک عورت حضورﷺ کی خدمت میں آئی اس کے ساتھ اس کے دو بیٹے تھے۔ اس نے حضورﷺ سے کچھ مانگا، حضورﷺ نے اسے تین کھجوریں دے دیں ہر ایک کے لیے ایک کھجور۔ اس عورت نے