حیاۃ الصحابہ اردو جلد 2 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
قرآن کے سپاروں کو لٹکا ہوا پائیں گے اور اس قرآن پر عمل کریں گے۔ یہ لوگ ایمان والوں میں سب سے بہتر ایمان والے ہیں۔ (بعد میں آنے والوں کو فضیلت صرف اس اعتبار سے ہے کہ یہ حضورﷺ کو دیکھے بغیر ایمان لائے، لہٰذا ان کا ایمان بالغیب زیادہ ہے ورنہ اس پر اجماع ہے کہ صحابۂ کرام ؓ اُمت میں سب سے افضل ہیں)1 حضرت عمرو ؓ فرماتے ہیں: حضور ﷺ نے فرمایا: بتاؤ قیامت کے دن اللہ کے ہاں سب سے بڑا مرتبہ مخلوق میں کس کا ہوگا؟ صحابہ نے عرض کیا: فرشتوں کا۔ حضورﷺ نے فرمایا: نہیں، اللہ کے اتنا قریب ہوتے ہوئے اس سے ان کے لیے کون سی چیز مانع ہے؟ ان کے علاوہ بتاؤ۔ صحابہ نے عرض کیا: نبیوں کا۔ حضورﷺ نے فرمایا: جب ان پر وحی نازل ہوتی ہے تو ان کے لیے اس مرتبہ کے حاصل ہونے سے کون سی چیز مانع ہے؟ ان کے علاوہ بتاؤ۔ صحابہ نے عرض کیا: یارسول اللہ! آپ ہی ہمیں بتا دیں۔ آپ نے فرمایا: یہ وہ لوگ ہیں جو تمہارے بعد آئیں گے اور دیکھے بغیر مجھ پر ایمان لائیں گے۔ وہ قرآن کے سپارے لٹکے ہوئے پائیں گے اور اس پر وہ ایمان لائیں گے۔ یہ ہیں وہ لوگ جن کا مرتبہ قیامت کے دن اللہ کے ہاں ساری مخلوق میں سب سے بڑا ہوگا۔2 حضرت ابو جمعہ ؓ فرماتے ہیں: ایک دن ہم لوگوںنے حضورﷺ کے ساتھ دوپہر کا کھانا کھایا، ہمارے ساتھ حضرت ابو عبیدہ بن الجراح ؓ بھی تھے۔ انھوں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم آپ کے ہاتھ پر مسلمان ہوئے اور ہم نے آپ کے ساتھ جہاد کیا، کیا کوئی ہم سے بھی افضل ہو سکتا ہے؟ حضورﷺ نے فرمایا: ہاں! وہ لوگ جو میرے بعد ہوں گے اور مجھے دیکھے بغیر مجھ پر ایمان لائیں گے۔3 حضرت ابو اُمامہؓ فرماتے ہیں: حضورﷺ نے فرمایا: ایک مرتبہ خوش خبری ہو اس آدمی کے لیے جس نے مجھے دیکھا اور پھر مجھ پر ایمان لا یا، اور سات مرتبہ خوش خبری ہو اس آدمی کے لیے جس نے مجھے دیکھا نہیں اور پھر مجھ پر ایمان لایا۔1 حضرت ابو ہریرہ ؓ فرماتے ہیں: حضورﷺ نے فرمایا: میرے بعد ایسے لوگ آئیں گے جن میں سے ہر ایک اس بات کی تمنا کرے گا کہ میری زیارت کے بدلے میں اپنے اہل وعیال کو، مال ودولت کو فدیہ میںدے دے۔2 حضرت انس ؓ فرماتے ہیں: حضورﷺ نے فرمایا: میری بڑی تمنا ہے کہ کا ش! میں اپنے ان بھا ئیوں کو دیکھ لیتا جو دیکھے بغیر مجھ پر ایمان لائیں گے۔3 ایک روایت میں یہ ہے کہ حضورﷺ نے فرمایا: میری اپنے بھائیوں سے ملاقات کب ہوگی؟ صحابہ نے عرض کیا: کیا ہم آپ کے بھائی نہیں ہیں؟ حضورﷺ نے فرمایا: تم لوگ تو میرے صحابی (بھی) ہو (اور بھائی بھی ہو) میرے بھائی تو وہ لوگ ہیں جو مجھے دیکھے بغیر مجھ پر ایمان لائیں گے۔4