ملفوظات حکیم الامت جلد 24 - یونیکوڈ |
بد گمانی اور بد زبانی سے اجتناب کی سعی کی جائے ۔ 2 ۔ جو لوگ ان کے متعلق روایات و حکایات نقل کرتے ہیں جو بد گمانی پھر بد زبانی کا سبب بنتی ہیں ان کو ایسی روایات نقل کرنے کا موقع دیا جائے ۔ 3 ۔ اپنے ہم مشرب لوگوں میں سے اگر کوئی شخص ان سے ملتا ہے تو اس کی فکر میں نہ پڑا جائے اور اس کی طرف سے عذر یا مصلحت کی تاویل کر لی جاوے اور جب تک وہ اپنے سے ملتا رہے تعلق بناہا جائے کہ لوگ دنیا کے لئے تعلقات نباہتے ہیں اگر کوئی دین کے لئے ایسا کرے تو کیا حرج ہے ۔ ( 18 جمادی الاولی 1361 ھ ) بزرگوں کی صحبت سے اصل مقصود کیا چیز ہے ارشاد فرمایا کہ بزرگوں کی صحبت میں رہنے سے اصل مطلوب ان کا مذاق حاصل کرنا ہے مگر وہ درحقیقت سعی و عمل سے حاصل نہیں ہوتا ۔ محض اللہ تعالی کی موہبت ہے وہ جب چاہتے ہیں جس کو چاہتے ہیں عطا فرماتے ہیں ۔ باقی رہے اعمال و افعال وہ اختیاری ہیں ایک دم میں بدل سکتے ہیں مگر مذاق صحیح بعض اوقات پچاس برس میں بھی حاصل نہیں ہوتا ۔ قبل از ہجرت جہاد اور مقابلہ کفار کی اجازت ہونے پر ایک اشکال و جواب ارشاد فرمایا کہ قبل از ہجرت جتنے حضرات آںحضرتؐ کے ساتھ تھے وہ کسی حال ان لوگوں سے کم نہ تھے جن کو حضرت خالد بن ولید نے جبلہ ایہم کے مقابلہ پر جنگ یرموک میں بھیجا تھا ۔ کیونکہ جبلہ کا لشکر ساٹھ ہزار تھا اور حضرت خالد نے ان کے مقابلہ کے لئے صرف تیس صحابہ کا انتخاب کیا تھا ۔ جس پر حضرت ابو عبیدہ نے کہا کہ کیا آپ مسلمانوں کو ہلاک کرانا چاہتے ہیں ؟ حضرت خالد نے جواب دیا نہیں میں نے ایسے لوگوں کا انتخاب کیا ہے جو ساٹھ ہزار سے کم نہیں ۔ حضرت ابو عبیدہ نے پھر فرمایا کہ میرا اطمینان نہیں ہوتا تو ان کے اصرار پر تیس صحابہ کا اور اضافہ کر کے ساٹھ کر دیا اور ان کو ساٹھ ہزار کے مقابلہ پر روانہ کیا ۔ دن بھر تلوار چلنے کے بعد ساٹھ