ملفوظات حکیم الامت جلد 24 - یونیکوڈ |
جس مضمون کی تعبیر کے لئے مختلف عبارتیں ہو سکتی ہوں ان میں کسی ایک کو اختیار کر لینا کافی ہے وجہ ترجیح بتلانے کی ضرورت نہیں ۔ ایک روز مولانا محمد یعقوب صاحبؒ کیساتھ غالبا مغرب کے بعد جا رہا تھا آپ نے فرمایا کہ مجھے ایک علم عطا ہوا تھا جس میں قرآن مجید کی تمام تعبیرات اور عنوانات کی حکمتیں بتلائی گئی تھیں مگر وہ اب باقی نہیں رہا ۔ ( حضرت سے کسی دوسری مجلس میں اس کے متعلق یہ بھی سنا تھا کہ یہ اتنا بڑا بھاری علم تھا کہ میری برداشت سے باہر تھا اس لئے رفع کر لیا گیا ) ارشاد فرمایا کہ جب میں نے اول اول حدیث پڑھانی شروع کی تو یوں محسوس ہوتا تھا کہ میں اور حضورؐ بالکل متحد ہیں اور اس وقت مجھ پر علوم و معارف کے عجیب دروازے کھلتے تھے ۔ حضرت مولانا محمد قاسمؒ کی عمر اور حضرت مولانا محمد یعقوب صاحبؒ کا کشف حضرت مولانا محمد قاسم صاحبؒ مرض وفات میں تھے ۔ تکلیف بڑھی تو لوگ گھبرانے لگے مولانا محمد یعقوب صاحبؒ نے فرمایا کہ گھبراؤ نہیں یہ دس سال اور زندہ رہیں گے ۔ مگر پھر اسی مرض میں مولانا کی وفات ہو گئی ۔ لوگوں کو تعجب ہوا کہ مولانا محمد یعقوب صاحبؒ کا کشف غلط ہو گیا مولانا نے فرمایا کہ کشف تو دراصل صحیح تھا مگر مجھے سمجھنے میں غلطی ہو گئی ۔ وہ یہ کہ میں نے بذریعہ کشف مولانا کی عمر کے متعلق حال دریافت کرنا چاہا تو لفظ مہدی منکشف ہوا میں نے اس سے حروف کے اعداد سمجھے جو 59 ہوتے ہیں ۔ مولانا کی عمر اس وقت 49 سال تھی اس لئے میں نے کہہ دیا کہ دس سال اور زندہ رہیں گے مگر بعد میں ثابت ہوا کہ لفظ مہدی کے حروف کے اعداد مراد نہ تھے بلکہ حضرت مہدی کی عمر مراد تھی اور ان کی عمر 49 سال ہو گی ۔ اسی کے مطابق ان کی وفات ہو گی ۔ اور فرمایا کہ میں نے یہ دعا بھی کی تھی ۔ کہ یہ بزرگ نافع خلائق ہیں ۔ میری عمر میں سے کچھ حصہ ان کی عمر میں اضافہ کر دیا جائے مگر یہ دعاء قبول نہ ہوئی ۔ حضرت نے فرمایا کہ یہ دونوں بزرگ کوئی استاد شاگرد یا پیر مرید نہ تھے بلکہ ہم سبق ہم مکتب معاصر اور پیر بھائی تھے مگر انکا عمل اپنے معاصرین کے حق میں یہ تھا تو اپنے بڑوں کے حق