ملفوظات حکیم الامت جلد 24 - یونیکوڈ |
ارشاد فرمایا کہ حضرت حاجی صاحبؒ قدس سرہ بطور پیش گوئی کے فرمایا کرتے تھے کہ تجھے ( یعنی حضرتؒ کو ) تفسیر اور تصوف سے مناسبت ہو گی ۔ یہ نقل کر کے حضرت نے فرمایا کہ الحمد للہ یہ کچھ نہ کچھ ہے پھر فرمایا کہ حضرت کے یہ الفاظ اگرچہ جملہ خبریہ تھے مگر میرا خیال یہ ہے کہ حقیقت میں یہ جملہ انشائیہ یعنی دعاء تھے ۔ اللہ تعالی نے حضرت حاجی صاحبؒ کی یہ دعا قبول فرما لی ۔ پھر فرمایا کہ میں تو بزرگوں کے اخبار کو بھی انشاء سمجھتا ہوں اور لوگوں کا حال یہ ہے کہ ان کے انشاء ات کو بھی اخبار بنا ڈالتے ۔ نا بالغ کے پیچھے نماز تراویح ایک استفتاء اس مضمون کا آیا تھا کہ نا بالغ کے پیچھے نماز تراویح پڑھنے میں آپ کے نزدیک قول راجح کیا ہے حضرتؒ نے فرمایا کہ میں نے شامی سے ممانعت کی ترجیح بحوالہ ہدایہ نقل کر دی ۔ اور وجوہ ذیل سے موجہ کر دیا ۔ ( 1 ) اول تو نا بالغ کی نماز نفل ہے اور تراویح سنت مؤکدہ اور بناء اقوی کی اضعف جائز نہیں ۔ ( 2 ) اور اگر سب کی نفل ہی مان لی جائے تو نفل بالغ کی اقوی ہے بہ نسبت نفل نا بالغ کے کیونکہ بالغ کی نفل شروع کرنے سے واجب ہو جاتی ہے نا بالغ کی واجب نہیں ہوتی ۔ ( 3 ) بچے عموما مسائل طہارت سے نا واقف بھی ہوتے ہیں اور متساہل بھی اس لئے فساد صلوۃ کا امکان ہے ۔ تین کتابیں البیلی ہیں حضرت مولانا محمد قاسمؒ نے فرمایا کہ تین کتابیں البیلی ہیں قرآن مجید بخاری شریف ۔ مثنوی شریف