ملفوظات حکیم الامت جلد 24 - یونیکوڈ |
حاجی صاحب سے شکایت کی کہ میرا بیٹا دنیا دار ہو گیا ۔ حضرت نے فرمایا کہ غم نہ کرو وہ بھی آپ جیسا ہی ہو جائے گا ۔ چنانچہ تھوڑے ہی عرصہ میں خو بخود ان کا دل دنیا سے اٹھ گیا ۔ گورنری چھوڑ کر درویشی اختیار کر لی اور عبادت میں مشغول ہو گئے ۔ میری ان سے کبھی ملاقات نہ ہوئی تھی ۔ ایک رات خواب میں دیکھا کہ کوئی بزرگ مجھے سے کہتے ہیں کہ تم خلیل پاشا سے کیوں نہیں ملے ۔ میں نے کہا کہ حضرت حاجی صاحب کے ہوتے ہوئے میں نے کسی دوسرے بزرگ سے ملنے کی ضرورت نہیں سمجھی اور یہ مثال بھی خواب ہی میں بیان کی کہ مقصود بیت اللہ کے پاس حاضری ہے جو شخص ایک راستہ سے وہاں پہنچ جائے اس کے ذمہ نہیں کہ پھر لوٹ کر جائے اور دوسرے راستہ سے پہنچے ۔ وہ بزرگ خاموش ہو گئے ۔ میں نے صبح کو یہ خواب حضرت حاجی صاحبؒ کی خدمت میں پیش کیا تو فرمایا کہ ان کی زیارت ضرور کرو ۔ میں نے عرض کیا کہ اب حضرت کے حکم سے ضرور جاؤں گا چنانچہ میں حاضر ہوا ۔ خلیل پاشا نے فرمایا کہ میں تین زبانیں جانتا ہوں ۔ عربی ترکی اور فارسی ۔ اب میں آپ سے کس زبان میں بات کروں ۔ میں نے عرض کیا کہ میں ترکی زبان کو تو نہ سمجھ سکتا ہوں نہ بول سکتا ہوں ۔ عربی کو سمجھ لیتا ہوں بولنے کی عادت نہیں فارسی کو سمجھ بھی لیتا ہوں بول بھی سکتا ہوں ۔ انہوں نے بڑی بشاشت کے ساتھ فارسی ہی میں گفتگو فرمائی ۔ بہت سی باتیں ہوئیں ۔ ان میں سے ایک یہ بھی تھی ۔ خلیل پاشا نے فرمایا کہ میں عرب و عجم کے بہت سے علماء سے ملا ہوں ہندوستان کے علماء سے بہتر علماء کہیں نہیں پائے ۔ میں نے پوچھا کہ آپؒ نے ان میں کونسا وصف ایسا پایا تو فرمایا کہ وہ محب دنیا نہیں ہیں اخلاص کے ساتھ دین کی خدمت میں لگے ہیں ۔ ایک آیت کی تفسیر پر شبہ اور اس کا جواب 78 : چند نو تعلیم یافتہ حضرات نے سوال کیا کہ حضرت آیت ھدی للمتقین کا مفہوم سمجھ میں نہیں آیا کیونکہ اس کے معنے تو یہ ہیں کہ قرآن ہدایت ہے متقی لوگوں کے لئے حالانکہ متقی لوگ تو