ملفوظات حکیم الامت جلد 24 - یونیکوڈ |
ہوتی تو رنج ہوتا ہے ۔ اور ظاہر ہے کہ یہ مقام صرف اللہ والوں ہی کو ہو سکتا ہے جن کی امید و بیم کا تعلق صرف ایک ذات حق تعالی سے وابستہ ہوتا ہے ۔ امید و ہراسش نباشد ز کس ہمین است بنیاد توحید و بس تعویذات و نقوش فرمایا کہ حصن حصین میں ایک حدیث ہے جس میں ارشاد ہے ۔ من لم یقرا کتبھا فی صک یعنی ۔ جو پڑھ نہ سکے وہ کسی کاغذ میں لکھ لے ۔ اس سے معلوم ہوا کہ جن حاجات کے لئے تعویذات لکھے جاتے ہیں ان میں اصل چیز دعاء اور آیات کا پڑھنا ہے وہی زیادہ نافع ہے ۔ لکھ کر گلے میں ڈالنا ان کے لئے ہے جو پڑھ نہ سکیں ۔ جیسے بچے یا بالکل ایسے جاہل جن کی زبان سے قرآن اور دعاء کے الفاظ ادا ہونا مشکل ہو ۔ آج کل لوگوں کو اللہ تعالی کا نام لینے اور پڑھنے کا تو ذوق رہا نہیں ۔ اس لئے کوئی وظیفہ دعاء ان کو بتلائی جائے تو اس کے لئے تیار نہیں ہوتے ۔ یوں چاہتے ہیں کہ خود کچھ کرنا نہ پڑے ۔ بس کوئی پھونک مار دے یا لکھی ہوئی چیز دے دے ۔ اس سے سب کام ہو جاتا ہے ۔ پھر فرمایا کہ ایک پہلوان نے کشتی میں غالب رہنے کے لئے مجھ سے تعویذ مانگا ۔ میں نے کہہ دیا کہ اگر تمھارا مقابل کوئی مسلمان نہیں ہے تو دے دوں گا ورنہ نہیں ۔ ( معلوم ہوا کہ جس کو کوئی تعویذ دینا ہو یہ بھی دیکھنا ہے کہ وہ کسی پر ظلم تو نہیں کر رہا اور کسی نا جائز کام کے لئے تو تعویذ نہیں لے رہا ۔ نا جائز کام میں امداد کرنا اس کے لئے تعویذ دینا بھی جائز نہیں ) ۔ تقابل مذاہب آج کل سکولوں اور بہت سے مدارس میں تقابلی مطالعہ اور تقابل کے مضمون کو بڑی اہمیت دی جاتی ہے ۔ اس کے متعلق ارشاد فرمایا کہ جو طالب علم اپنے مذہب کی معلومات پوری نہ رکھتا ہو اور مذہب میں رسوخ نہ رکھتا ہو اس کے لئے غیر مذہبوں کی کتابوں کا مطالعہ بہت خطرناک ہے ۔