ملفوظات حکیم الامت جلد 24 - یونیکوڈ |
|
میں بے ادبی کرنے سے مجھے بہت ڈر لگتا ہے کیونکہ اس کے عواقب اور نتائج بہت خطر ناک ہیں رشوت کی تعریف فرمایا کہ رشوت کی جامع تعریف جو تمام اقسام رشوت پر حاوی ہے یہ ہے کہ کسی غیر متقوم چیز کا عوض لینا ۔ طریق صوفیاء کی اصل فرمایا کہ اس طریق میں اصل چیز صحبت شیخ اور محبت شیخ ہے ۔ تعلیم و تلقین اس کے بغیر کارگر نہیں ہوتی اور صحبت بلا تعلیم و تلقین کے بھی مفید ہوتی ہے ۔ پہلے بزرگوں کی عام عادت زیادہ تعلیم و تلقین کی نہ تھی ان کی صحبت کی برکت ہی سے اصلاح ہو جاتی تھی ۔ غالبا حضرت مولانا محمد اسماعیل شہیدؒ نے منصب امامت میں لکھا ہے کہ بزرگوں کا فیض صحبت آفتاب کے مشابہ ہوتا ہے کہ اس کا فائدہ سب کو پہنچتا ہے ۔ خواہ استفادہ کرنے والے کو اس کی خبر بھی نہ ہو اور قصدا استفادہ کرے یا نہ کرے ۔ آفتاب کا فائدہ سب کو برابر ملتا ہے ۔ اسی طرح خاص خاص بزرگوں کا فیض صحبت بھی ایسا ہی عام ہوتا ہے ۔ اور علامت ایسے بزرگوں کی یہ ہوتی ہے ۔ کہ ان کی وفات کے وقت عام قلوب میں ایک ظلمت و کدورت محسوس ہونے لگتی ہے ۔ حضرتؒ نے فرمایا کہ اس کی تائید اس جملہ سے ہوئی ہے جو صحابہ کرام نے رسول اللہؐ کی وفات پر فرمایا تھا ۔ و اللہ ما انفضنا ایدینا من التراب حتی انکونا قلوبنا ۔ یعنی ،، خدا کی قسم کہ ہم نے رسول اللہؐ کو دفن کرنے کے بعد اپنے ہاتھ بھی مٹی سے نہیں جھاڑے تھے کہ ہمارے قلوب میں تغیر محسوس ہونے لگا ۔ فرمایا مشائخ کی صحبت میں رہنے والا ہر وقت اس سے نفع حاصل کرتا رہتا ہے خواہ اس کو نفع کا احساس اور استحضار ہو یا نہ ہو ۔