ملفوظات حکیم الامت جلد 24 - یونیکوڈ |
اپنے گھر کے ماحول کو دینی بنانے پر پوری توجہ دے ۔ آیت قرآن یا یھالذین امنوا قو انفسکم و اھیکم نارا سے بھی اسکی تائید ہوتی ہے اس آیت میں مسلمانوں کو یہ حکم ہے کہ تم خود بھی آگ سے بچو اور اپنے اہل و عیال کو بھی آگ سے بچاؤ ۔ بخل اور اسراف فرمایا کہ لوگ بخل کو اسراف سے زیادہ برا سمجھتے ہیں اور میرا خیال یہ ہے کہ اسراف زیادہ برا ہے ۔ اس لئے کہ اسراف کے نتائج بد بہ نسبت بخل کے بہت زیادہ ہیں دینی بھی اور دنیوی بھی یہی وجہ ہے کہ ہم نے کسی بخیل کو مرتد ہوتے نہیں دیکھا اور بہت سے اسراف کر کے فقیر ہونے والوں کو مرتد ہوتے دیکھا ہے ۔ ایک واعظ کی دلیری ایک واعظ کی مجلس میں امام احمد بن حنبلؒ اور یحی بن معینؒ شریک تھے ۔ واعظ نے بہت سی احادیث غلط اسلط امام احمد بن حنبل کے حوالہ سے بیان کیں ۔ یہ دونوں بزرگ ایک دوسرے کو دیکھ کر ہنستے رہے کہ کیا کہہ رہا ہے ۔ جب وعظ ختم ہوا تو امام احمد بن حنبلؒ آ گے بڑھے اور واعظ سے پوچھا کہ آپ احمد بن حنبل کو جانتے ہیں ؟ تو کہا ہاں جانتا ہوں پھر فرمایا کہ مجھے بھی جانتے ہو ؟ کہا نہیں امام صاحبؒ نے فرمایا کہ میں ہی تو احمد بن حنبل ہوں واعظ نے بڑی دلیری سے کہا کہ خوب کہا آپ یہ سمجھتے ہیں کہ احمد بن حنبل ایک آپ ہی ہیں ۔ معلوم نہیں کتنے آپ جیسے احمد بن احنبل دنیا میں موجود ہیں ۔ حضرت مولانا محمد قاسم نانوتوی اور رازی حضرت مولانا نے تفسیر کبیر امام رازی کا کوئی مقام بضرورت دیکھنے کے لئے اپنے احباب میں کسی کو مامور فرمایا انہوں نے وہ مقام حضرت کو سنایا تو فرمایا کہ ہم سمجھتے تھے کہ امام رازی بہت ذہین ہیں مگر اب معلوم ہوا کہ ان کا ذہن طورل و عرض میں تو چلتا ہے عمق اور گہرائی میں نہیں چلتا ۔