ملفوظات حکیم الامت جلد 24 - یونیکوڈ |
تدبیر ہے یعنی اللہ سے دعاء اس میں غفلت برتتے ہیں ۔ میرا تجربہ یہ ہے کہ کوئی نقش و تعویذ دعاء کے برابر مؤثر نہیں ۔ ہاں دعاء کو دعاء کی طرح مانگا جائے اور موانع قبول سے پرہیز کیا جائے ۔ اسی سلسلے میں فرمایا کہ جب میں مدرسہ جامع العلوم کانپور میں مدرس تھا اتفاقا کانپور میں طاعون کی وباء پھیلی ۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ ایک بزرگ فرما رہے ہیں کہ کھانے پینے کی چیزوں پر تین مرتبہ سورہ قدر انا انزلناہ پوری پڑھ کر دم کر کے کھلایا پلایا جائے ۔ مریض کو صحت ہو جائے گی اور تندرست محفوظ رہے گا اور فرمایا کہ پھر اس کا مشاہدہ تجربہ سے ہو گیا ۔ انگریزوں کی دوستی بھی فتنہ ہے دشمنی بھی ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ انگریزوں کی دوستی فتنہ باطنہ ہے اور ان کی دشمنی ( بحالت موجودہ کہ مسلمانوں میں مقابلہ کی طاقت نہیں ) فتنہ ظاہرہ ہے اور ہم دونوں سے پناہ مانگتے ہیں ۔ جیسا کہ رسول اللہ ؐ نے ایک دعاء میں تلقین فرمائی ہے ۔ اللھم انا نعوذ بک من الفتن ما ظھرہ منھا وما بطن ۔ یعنی یا اللہ ہم تمام فتنوں سے آپ کی پناہ چاہتے ہیں جو ظاہر اور کھلے ہوئے فتنے ہیں یا جو چھپے ہوئے فتنے ہیں ۔ ؎ بڑھاپے میں بھی غیر محرم عورتوں اور امرد لڑکوں سے علیحدہ رہنے کا اہتمام پورا کرنا چاہیے ۔ بعض مشائخ سن رسیدہ بوڑھے ہو جانے کی وجہ سے یہ سمجھنے لگتے ہیں کہ اب غیر محرم عورتیں بے پردہ سامنے آویں یا امرد لڑکوں سے کام لیں تو کسی فتنہ کا اندیشہ نہیں ۔ حضرتؒ نے ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ اس میں اکثر دھوکہ اور مغالطہ ہوتا ہے ۔ بڑھاپا کتنا ہی چھا جائے مگر شہوت اور میلان باقی رہتا ہے ۔ اور بوڑھوں کے لئے یہ میلان زیادہ مضر ہوتا ہے کیونکہ قوت مقاومت ضعیف ہو جاتی ہے ۔ قلبی گناہ اور نظر کے گناہ میں ابتلاء تو ہو ہی جاتا ہے ۔ اس لئے اس سے بہت پرہیز اور احتیاط کرنا چاہیے ۔