تاریخ اسلام جلد 1 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
تہذیب اور تمدن نے چونکہ اس سے پہلے کوئی ترقی نہیں کی تھی‘ لہٰذا اس عالمگیر دن نے ان کو یکایک سب سے زیادہ شائستہ‘ سب سے زیادہ مہذب‘ سب سے زیادہ با اخلاق‘ سب سے زیادہ متمدن اور ساری دنیا کا استاد اور رہبر بنا کر ثابت کر دیا کہ عرب کی ان تمام محیر العقول ترقیات کا سبب اسلامی تعلیم کے سوا اور کچھ نہیں ہے اور نبی صلی اللہ علیہ و سلم کی روحانیت ایسی زبردست ہے کہ دنیا کی ہر قوم اور ہر ملک ‘ ہر زمانہ میں اس سے فیض یاب ہو سکتا ہے۔ نیز یہ کہ دنیا کے تمام ہادی اور تمام انبیاء علیھم السلام قوموں کے لیے جس قدر تعلیمات اور ہدایت نامے لے کر آئے تھے وہ سب کے سب اصولی طور پر قرآن مجید میں موجود ہیں {فِیْھَا کُتُبٌ قَیِّمَہ}۱؎ اور رسول عربی امری لقب صلی اللہ علیہ و سلم کی ذات جامع جمیع کمالات نبویہ ۱؎ جن میں صحیح (اور محکم) مضامین درج ہوں۔‘‘ (البینہ : ۹۸/۳) و انسانیہ ہے ع آنچہ خوباں ہمہ دارند تو تنہا داری مذکورہ بالا آخری چند فقرات غالباً تاریخ نویسی اور مؤرخ کی شان سے کسی قدر الگ سمجھے جائیں لیکن چونکہ میں یہ تاریخ مسلمانوں کے مطالعہ کے لیے لکھ رہا ہوں اور مجھے امید ہے کہ مسلمان ہی اس کو سب سے زیادہ مطالعہ کریں گے۔ میں خود بھی بحمداللہ تعالیٰ مسلمان ہوں۔ پس اسلام اور نبی صلی اللہ علیہ و سلم کے حالات شروع کرتے ہوئے ان بے ساختہ زبان قلم تک آ جانے والے فقرات کو واپس نہیں کر سکتا تھا۔ اگر مؤرخین یا تاریخ نویسوں کی مجلس میں مجھ سے یہ کوئی عیب کی بات سرزد ہوئی ہے تو میں بہت خوش ہوں کہ مؤرخین کے گروہ سے خارج ہو کر مسلمین کے گروہ میں ضرور شامل کیا جائوں گا ؎ ترا آہو مراہم چشم لیلیٰ است ترا وحشی مراعین تسلی است --- باب : ۲ جناب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم طلوع سحر آفتاب کے طلوع ہونے سے تھوڑی دیر پیشتر صبح کی ہلکی ہلکی روشنی افق مشرق سے نمودار ہونی شروع ہو جاتی ہے۔ جیسا کہ اوپر بیان ہو چکا ہے۔ تمام دنیا پر شب دیجور کی سیاہی اور جہالت و کفر کی تاریکی چھائی ہوئی تھی‘ اس عالمگیر گمراہی کی شب تاریک کے ختم ہونے کا وقت آیا تو طلوع آفتاب کی خبر دینے کے لیے اول سپیدئہ سحر نمودار ہوا۔ ملک عرب میں جو مرکز تاریکی بنا ہوا تھا اور جس کے ریگستانوں میں شرک و