اسلام کا نظام سلام ومصافحہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
معانقہ میں جسم کو بھینچنا بوقت معانقہ جسم دبانا، بھینچنا اور اپنی طرف ایک دوسرے کو کھینچنا معانقہ کی حقیقت میں داخل نہیں، ہاں اصاغر اور ازواج مستثنی ہیں، اکابر اصاغر کے ساتھ، شوہر بیوی کے ساتھ ایسا کرسکتا ہے؛ گویا یہ ایک استثنائی شکل ہے، اصل حکم وہی ہے جو مذکور ہوا، مفتی رشید صاحبؒ لکھتے ہیں: پاکستان اور ہندوستان میں مروجہ معانقہ کہ سینہ، شکم اور پورا جسم باہم پیوست کرکے خوب بھینچتے ہیں، بلا شبہ بالاتفاق بدعت اور واجب الترک ہے، عدم ثبوت کے علاوہ اور بھی مفاسد ہیں۔ ( احسن الفتاوی:۸؍۴۱۲) معانقہ میں تیامُن افضل ہے یا تیاسُر؟ معانقہ دائیں جانب کرنا چاہیے یا بائیں جانب، اجازت دونوں طرف میں سے ہر طرف کی ہے؛ لیکن بائیں جانب راجح ہے؛ کیوں کہ ادھر دل ہے جو مرکزِ محبت ہے اورمعانقہ جوشِ محبت کی وجہ سے ہی مشروع ہے، تو دل سے دل مل جائیں گے محبت بڑھے گی، مفتی رشید صاحبؒ لکھتے ہیں: اِس بارے میں کوئی صراحت نظر سے نہیں گذری، عام اصول کے مطابق تو تیامن(دائیں) کو ترجیح معلوم ہوتی ہے؛ مگر معانقہ کا منشاچوں کہ ہیجان المحبۃ ہے، جس کا محل قلب ہے، اور صورتِ تیاسر میں جانبین کے قلوب باہم زیادہ قریب ہوتے ہیں؛اس لیے تیاسر راجح ہے اور اسی لیے تیاسر ہی کا عام معمول ہے۔ (احسن الفتاوی:۸؍۴۱۱)