اسلام کا نظام سلام ومصافحہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
طرح گلے ملیں کہ اُن دونوں کے درمیان کوئی کپڑا نہ ہو۔(نصب الرایہ:۴؍۲۵۷) معانقہ ایک بار یا تین بار؟ گذشتہ صفحات میں معانقہ کے تعلق سے جو روایات وآثار ذکر کیے گئے ہیں اُن سے ظاہر ہوتا ہے کہ معانقہ در اصل کسی سے اپنی بے پناہ عقیدت ومحبت کے اظہار کا ذریعہ ہے؛ لیکن احادیث میں جو فضائل ومناقب سلام ومصافحہ کے تعلق سے بیان کیے گئے ہیں، معانقہ کے بارے میں وہ تفصیلات موجود نہیں ہیں؛ بلکہ فقہ کی کتابوں میں بھی تشفی بخش تفصیلات نہیں ہیں کہ معانقہ کا طریقہ کیا ہے، معانقہ ایک بار کرنا چاہیے یا تین بار، دائیں جانب کرنا بہتر ہے یا بائیں جانب ؟وغیرہ،یہی وجہ ہے کہ امام مالکؒ جیسی شخصیت کو مدینہ میں رہتے ہوئے یہ معلوم نہ ہوسکا کہ معانقہ کا حکم عام ہے یا خاص؟ خود حضرت امام ابوحنیفہؒ اور امام محمدؒ کو معانقہ کے بارے میں اطمینان نہیں تھا، وہ کراہت کے قائل تھے؛ اگر چہ وہ مفتی بہ قول نہیں ہے؛اسی طرح پیچھے جو آثار ذکر کیے گئے اُن میں بعض اُن حضرات کے اسماء کی صراحت کی گئی ہے کہ فلاں نے فلاں سے معانقہ کیا، یہ معانقہ کے قلیل الوقوع ہونے کی دلیل ہے کہ جب کوئی بڑے رتبے کا شخص کسی سے معانقہ کرتا تو لوگ اسے محسوس کرتے اور نوٹ کرتے تھے۔ بہر حال اِس تفصیل سے معلوم ہوا کہ رسول اللہﷺ اور صحابہ کرامؓ سے معانقہ تو ثابت ہے لیکن اُس کا خاص طریقہ ثابت نہیں؛ اس لیے معانقہ کا بہتر طریقہ وہ طریقہ ہونا چاہیے جو عرف اور معتدل وشرعی ذوق ومزاج کے مطابق ہو، ایک اقتباس پڑھیے: معانقہ ایک وقت میں ایک ہی مرتبہ کرنا چاہیے، بار بار یا تین مرتبہ اس کو ضروری سمجھ کر کرنا جہالۃً یا رسماً ہے، اِس سے زیادہ اس کی کوئی حیثیت نہیں۔(اہمیت سلام وملاقات:۵۵) مولف عرض گزار ہے کہ عموماً لوگ تین مرتبہ معانقہ کرتے ہیں؛ بالخصوص بعض علاقوں میں شادی بیاہ کے موقع پر دولہے کو مبارک بادی دیتے وقت، تین مرتبہ معانقہ کرنے کا رواج ہے، اور معانقہ کے بعد پھر سے سلام اور مصافحہ ہوتا ہے یہ شرعی طور پرمناسب نہیں ہے مصافحہ، معانقہ سے پہلے کرنا چاہیے، اور چوں کہ معانقہ کا مقصد انتہائی درجہ کی محبت کا اظہار ہے، جس کا محل اور مرکز دل ہے، اور دل ایک اور ایک ہی جانب ہوتا ہے؛ اس لیے معانقہ (گلے ملنا) ایک ہی جانب کرنا قرینِ قیاس معلوم ہوتا ہے،اصلاح کرنی چاہیے۔ معانقہ کا صحیح مفہوم کیا ہے؟ معانقہ کے مفہوم میں تین چیزیں آتی ہیں: گردن ملانا،سینہ ملانا اور پیٹ کے ساتھ پورا جسم ملانا،ان میں کونسی شکل بہتر ہے اور کونسی بہتر نہیں؟ذیل میں تقابلی بحث پیش کی جارہی ہے: مفتی رشید احمد صاحبؒ لکھتے ہیں: معانقہ میں صرف سینہ ملانے کا جو دستور ہمارے ملک میں پایا جاتا ہے، یہ حضرات صحابہ کرامؓ اور ائمہ حدیث وفقہ سے ثابت نہیں ہے؛ البتہ بعض روایتوں میں معانقہ کے لیے ’’التزام‘‘ کا لفظ وارد ہوا ہے، جس کے مفہوم میں ’’الصاق بالصدر‘‘ آسکتا ہے، لیکن دوسری روایتوں کی روشنی میں اس کا مفہوم ’’معانقہ‘‘ گردن سے گردن ملانا ہی لیا جائے