اسلام کا نظام سلام ومصافحہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
شریک ہو (۳) جب کوئی مسلمان کھانے پر بلائے تو اس کی دعوت قبول کرے (۴)جب (کوئی مسلمان) ملے تو اس کو سلام کرے (۵) جب کوئی مسلمان چھینکے (اور الحمد للہ کہے) تو اس کا جواب دے (یعنی یرحمک اللہ کہے) (۶) خیر خواہی کر ے خواہ (دوسرا مسلمان) موجود ہو یا غائب۔(مسلم، رقم: ۵۶۵۱،کتاب السلام) فائدہ: ایک مسلمان پر دوسرے مسلمان کے جہاں دینی اخوت کی بنیاد پر، بہت سے حقوق ہیں، ان میں سے ایک حق، بوقتِ ملاقات ’’السلام علیکم‘‘ کے ذریعہ سلام کرنا بھی ہے، اور حق کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اسے صاحبِ حق تک پہنچانا ضروری ہے، ورنہ پہلا شخص کوتاہی کرنے والا شمار ہوگا؛ لہٰذا مسلمان کا مسلمان کو سلام کرنا فرض منصبی اور اخلاقی حق کا درجہ رکھتا ہے، اللہ تعالیٰ توفیق دے۔ حدیث میں جن چھ حقوق کا تذکرہ ہے، یہ بطور مثال کے ہیں، ورنہ حقوق اور بھی ہیں، حضرت حکیم الامتؒ نے عام مسلمانوں کے حقوق کی تعداد چالیس تک شمار کرائی ہے، ان میں سے اکتیسواں حق یہ لکھا ہے: ملاقات کے وقت اس کو (مسلمان کو) سلام کرے اور مرد سے مرد، اور عورت سے عورت مصافحہ بھی کرے تو اور بہتر ہے مکمل تفصیل کے لیے پڑھیے۔(بہشتی زیور مکمل ،حقوق کا بیان:۵؍۲۸۷) ۴- تین آسان کاموں پر جنت کی بشارت حضرت عبد اللہ بن عمرو بن العاصؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا: لوگو! خداوند رحمن کی عبادت کرو اور بندگانِ خدا کو کھانا کھلاؤ اور سلام کو خوب پھیلاؤ، تم جنت میں پہنچ جاؤ گے سلامتی کے ساتھ۔(الأدب المفرد: ۹۱۶) تشریح: اس حدیث میں رسول اللہﷺ نے تین نیک کاموں کی ہدایت فرمائی ہے،اور ان کے کرنے والے کو جنت کی بشارت دی ہے…ایک خداوند رحمن کی عبادت (یعنی بندے پر اللہ کا جو خاص حق ہے اور جو در اصل مقصدِ تخلیق ہے کہ اس کی اور صرف اسی کی عبادت کی جائے، اس کو ادا کیا جائے) دوسرے اطعامِ طعام یعنی اللہ کے محتاج اور مسکین بندوں کو بطور صدقہ اور دوستوں، عزیزوں اور اللہ کے نیک بندوں کو بطور ہدیہ اخلاص ومحبت کے، کھانا کھلایا جائے(جو دلوں کو جوڑنے اور باہم محبت والفت پیدا کرنے کا بہترین وسیلہ اور بخل جیسی مہلک بیماری کا علاج بھی ہے) تیسرے السلام علیکم اور وعلیکم السلام کو جو اسلامی شعار ہے، اور اللہ تعالیٰ کا تعلیم فرمایا ہوا دعائیہ کلمہ ہے، اس کو خوب پھیلایا جائے اور اس کی ایسی کثرت اور ایسا رواج ہو کہ اسلامی دنیا کی فضا اس کی لہروں سے معمور رہے، ان تین نیک کاموں پر رسول اللہﷺ نے بشارت سنائی ہے، تدخلوا الجنۃ بسلام (تم پوری سلامتی کے ساتھ جنت میں پہنچ جاؤ گے) (معارف الحدیث: ۶؍۱۵۱) ۵- سلام، اسلامی دوستی کا بہترین ذریعہ حضرت ابو ہریرہؓ سے مروی ہے کہ سرکار دو عالمﷺ نے ا رشاد فرمایا: تم جب تک ایمان نہ لاؤ گے جنت میں داخل نہ ہوسکو گے، اور تمہارا ایمان اس وقت تک کامل نہیں ہوسکتا جب تک کہ تم (اللہ کی رضا وخوشنودی کے لیے) آپس میں تعلق