اسلام کا نظام سلام ومصافحہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
بعض علاقوں میں رخصتی سے کچھ پہلے دولہا کو لڑکی کے گھر کے آنگن یا صحن میں بیٹھا یا جاتا ہے؛ جہاں سالیاں او رخاندان یا محلے کی دیگر لڑکیاں او رعورتیں ہوتی ہیں، اور اکثر غیر محرم ہوتی ہیں، وہ سب باری باری دولہا کو سلام کرتی ہیں، رومال اور پیسے دیتی ہیں، انگوٹھیاں اور پیسوں کا ہار پہنایا جاتا ہے، دودھ مالیدہ کھلاتی ہیں، یہ سب ناجائز اور سخت گناہ کی بات ہے، بے پردگی کا گناہ الگ، پھر یہ محض رسم ہے، قرآن وحدیث میں کہیں نہیں؛ بلکہ ہندوانہ طریقہ ہے مسلمانوں کو ترک کرنا ضروری ہے۔(مولف) تحفہ ملنے پر سلام کرنا بعض مہذب گھرانوں میں دستور ہے کہ کسی جانب سے اگر تحفہ ملے تو فورا اٹھ کر سلام کرتے ہیں، یہ بھی غیر اسلامی سلام ہے۔ (پرہیز کرنا چاہیے)(جامع الفتاویٰ، ۳؍۳۱۵) بندگی اور آداب کاحکم سلام کا صیغہ حدیث شریف میں ہے السلام علیکم یا اس کے قریب قریب الفاظ آئے ہیں، آداب،بندگی، کورنش یہ سب بدعت سیئہ ہے۔(فروع الایمان در اصلاحی نصاب: ۴۲۱) غلطی: بعض لوگ کہتے ہیں کہ سجدۂ تلاوت کر کے دونوں طرف سلام پھیرے یہ بھی محض غلط ہے۔(اغلاط ا لعوام دراصلاحی نصاب؍۵۰۰) مسئلہ: لوگوں میں ایک غلط طریقہ یہ رائج ہے کہ اگر اُن سے کہا جائے؛ فلاں سے سلام کہنا تو پہلے وہی جواب دے دیتا ہے، پھر جس کو سلام کہلوایا ہے اُس کو سلام پہنچاتا ہے، یہ غلط طریقہ ہے، جس کے ذریعہ سلام بھیجا جارہا ہے، اُس کے ذمہ جواب نہیں، اُس کے ذمہ صرف سلام پہنچانا ہے، پھر وہ جب سلام پہنچائے تو جس کو سلام پہنچایا ہے وہ جواب دے گا اور جواب میں سلام پہنچانے والے کو بھی شامل کرے گا۔(تحفت الالمعی:۶؍۴۷۴) نئے چاند کو دیکھ کر سلام کرنا نیا چاند دیکھ کر سلام کرنا ثابت نہیں، نئے چاند دیکھنے پر جو دعائیں منقول ہیں،اُن میں کہیں سلام کرنے کا تذکرہ نہیں۔(محمودیہ:۱۹؍۸۸) شام کو لائٹ یا چراغ جلنے پر سلام کرنا شام کو چراغ جلے یا لائٹ جلائی جائے تواُس وقت سلام کرنا درست نہیں، بعض علاقوں میں ایسا رواج ہے، روشنی کا آنا یقینا ایک بڑی نعمت ہے؛ لیکن ایسے وقت میں سلام کرنا ثابت نہیں ہے،مشرکانہ طریقہ ہے،اِس سے بچنا چاہیے۔(مولف) مسجد، عیدگاہ اور دینی مدارس کو سلام کرنا مسجد کو، عیدگاہ کو اور ایسے ہی دینی مدارس کو دیکھ کر سلام کرنا ثابت نہیں۔ (دارالافتاء دارالعلوم دیوبند: ۱۰۵۵۶) سلام کے لیے سر پر ہاتھ رکھنا سوال: بعض جگہ زبان سے سلام کرنے کو سُوئِ ادبی سمجھ کر سر پر ہاتھ رکھنے اور جھک کر آداب بجا لانے ہی کو سلام تصور کرتے ہیں، ایسی صورت میں سنت ادا ہوتی یا نہیں؟