اسلام کا نظام سلام ومصافحہ - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
یہ کتاب اپنے موضوع پر ’’ماخذ ومرجع‘‘ ثابت ہوگی؛ اِس بنیاد پر مولف نے حتی الامکان اصل کتابوں کی اصل عبارتوں کو کتاب میں جگہ دی ہے، لازمی طور سے ضخامت بڑھنی تھی اور جہاں ضرورت محسوس ہوئی کہ مولف کو کچھ اپنی طرف سے لکھنا چاہیے، وہاں ہمت کرکے لکھ دیا گیا ہے۔ کتاب کا اجمالی تعارف مذکورہ کتاب بارہ ابواب پر مشتمل ہے۔ پہلا باب : تاریخ وتحقیقِ سلام کے نام سے ہے، اِس باب میں سلام کی لغوی واصطلاحی تحقیق کے ساتھ، اُس کی تاریخی حیثیت سے متعلق گفتگو کی گئی ہے۔ دوسراباب: آیاتِ سلام کے عنوان سے ہے، اِ س باب میں سلام کے تعلق سے چوبیس آیات اور اُن کی مختصر تفسیر کا تذکرہ ہے؛ تاکہ امت کے سامنے یہ آسکے کہ قرآن میں، سلام کے حوالہ سے کیا مواد ہے، ضمنی طور سے اور بھی فوائد جمع ہوگئے ہیں۔ تیسرا باب: احادیثِ سلام کا ہے، اِس باب میں سلام کے فضائل ومسائل کے حوالے سے اکیس احادیثِ سلام کا تذکرہ کیا گیا ہے؛ احادیث کا سادہ ترجمہ پھر مناسب تشریح پیش کی گئی ہے، یہ باب نہایت اہمیت کا حامل ہے، اورعوام وخواص سب کے لیے یکساں مفید ہے۔ چوتھا باب: سلام کے احکام ومسائل پر مشتمل ہے، سلام او رجوابِ سلام کے متعلق مسائل کا ایک بڑا ذخیرہ ہے،جن کا پڑھنا ،جاننا اور اُن پر عمل کرناہر دیندار مسلمان کے لیے ضروری ہے۔ پانچواں باب: ممنوعاتِ سلام کے عنوان سے ہے، اِس باب میں پانچ فصلیں ہیں، پہلی فصل میں اُن تمام مواقع کا تذکرہ کیا گیا ہے، جہاں سلام کرنا ممنوع یامکروہ یا پھر غیر اولیٰ ہے، اِس فصل میں ضمنی طور سے، غیر مقلدین کے بے جا اعتراضات کے جوابات اصولی اور مثبت انداز میں لکھے گئے ہیں، اِس باب کی دوسری فصل نہایت اہم ہے، اِس میں غیر مسلم برادرانِ وطن اور یہود ونصاریٰ وغیرہ کے سلام اور جوابِ سلام کے مسائل تفصیل سے بیان کیے گئے ہیں، موجودہ ماحول میں اِن مسائل سے واقفیت ہر دیندار مسلمان کے لیے ضروری ہے ۔ اِس باب کی تیسری فصل میں، غائبانہ سلام وجوابِ سلام اوراِسی طرح تحریری سلام اور جوابِ سلام کے طریقہ کے تعلق سے ایک نفیس بحث پیش کی گئی ہے، اوراُس میں پائی جانے والی کوتاہیوں کی نشاندہی کی گئی ہے،دورانِ مطالعہ یہ احساس ضرور ہوگا کہ ایسے مسائل مرتَّب انداز میں یکجا طور پر پہلی بار پیش کیے جارہے ہیں، اور چوتھی فصل میں موبائل اور ٹیلیفون پر سلام وجوابِ سلام کے تعلق سے مفید مسائل لکھے گئے ہیں؛ جب کہ پانچویں فصل میں قبرستان میں مُردوں کو سلام کرنے کے طریقے کو اختصار کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ چھٹا باب: رُموزِ سلام کے نام سے ہے، یہ خالص علمی باب ہے، سلام کے جملہ رموز واِشارات اور