موضوعاتی درس قرآن ۔ سورہ فاتحہ |
|
’’مَالِکِ یَوْمِ الدِّیْنِ‘‘کی تشریح ’’روزِ جزا کا مالک ہے‘‘قرآن پاک کےتین بنیادی مضامین: قرآن پاک میں بنیادی طور پر تین مضامین بیان کئے گئے ہیں: (۱) ایک توحید: جس میں اللہ تبارک وتعالیٰ کی الوہیت،معبودیت اور وحدانیت کو ثابت کیا گیا ہے۔(۲) دوسرا مضمون رسالت کا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے لوگوں کو راہِ راست پر لانے اور گمراہی اور ظلمت کے گہرے دلدل سے بچانے کے لئے رسولوں کو بھیجا۔ (۳) تیسرا مضمون آخرت کا ہے،یعنی مرنے کے بعد انسانوں کو اللہ تبارک وتعالیٰ دوبارہ زندہ فرمائیں گے اور سارے انسانوں کے ساتھ اُن کے اعمال کے اعتبار سے برتاؤ کیا جائے گا۔ ابتدائی تین آیات میں اللہ تعالیٰ کی وحدانیت،ربوبیت، رحمانیت اور رحیمیت کا بیان تھا۔﴿مالک یوم الدین﴾میں قیامت کا بیان ہے۔آگے﴿ اِهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ ، صِرَاطَ الَّذِيْنَ أَنْعَمْتَ عَلَيْهِمْ﴾ میں رسالت کا بیان ہے۔ یہ تین بنیادی مضامین کو سمیٹ کر اس مبارک سورہ میں ذکر کیا گیا ہے۔یہ سورت دعابھی ہے اور ساتھ ہی ساتھ اس میں مضامینِ قرآن کا اجمالی ذکر بھی ہے،تاکہ جب آدمی نماز میں سورۂ فاتحہ پڑھے تو اُس کا دھیان اجمالی طور پر دین کے مقصود کی طرف آجائے اور اُس کا ذہن اللہ تعالیٰ کی طرف کامل متوجہ ہوجائے۔ اس لیے آج﴿مَالِكِ يَوْمِ الدِّيْنِ﴾ سے متعلق آخرت کے کچھ مضامین آپ کے سامنے ذکر کئے جائیں گے۔