موضوعاتی درس قرآن ۔ سورہ فاتحہ |
|
نیکوں اور بدوں کی صفیں الگ الگ ہوں گی: ﴿وَامْتَازُوا الْيَوْمَ أَيُّهَا الْمُجْرِمُوْنَ﴾۱؎ ’’ اوراے گنہگارو آج الگ ہو جاؤ ‘‘ ایمان والوں کو الگ کھڑکیا جائے گا اور بے ایمانوں کو الگ کھڑا کیا جائے گا۔ ایمان والوں میں بھی گنہگاروں کو الگ کھڑا کیا جائے گا، فاسقوں کو الگ، زانیوں کو الگ، چوروں کو الگ، سود کھانے والوں کو الگ، رشوت کھانے والوں کو الگ، مکاروں اور دھوکہ دینے والوں کو الگ، اُس دن اللہ تبارک وتعالیٰ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کردیں گےاور فرمائیں گے: ﴿أَلَمْ أَعْهَدْ إِلَيْكُمْ يَا بَنِيْ آدَمَ أَنْ لَا تَعْبُدُوا الشَّيْطَانَ﴾۲؎ اے آدم کی اولاد ہم نے تم کو کہہ نہیں دیا تھا کہ شیطان کو نہ پوجنا وہ تمہارا کھلا دشمن ہے‘‘ ﴿ فَالْيَوْمَ لَا يَمْلِكُ بَعْضُكُمْ لِبَعْضٍ نَّفْعًا وَّلَا ضَرًّا ﴾۳؎ ’’ تو آج تم میں سے کوئی کسی کو نفع اور نقصان پہنچانے کا اختیار نہیں رکھتا ۔‘‘ ﴿ يَوْمَ يَأْتِ لَا تَكَلَّمُ نَفْسٌ إِلَّا بِإِذْنِهٖ﴾۴؎ ’’جس روز وہ آجائے گا تو کوئی متنفس خدا کے حکم کے بغیر بول بھی نہیں سکے گا ۔ پھر ان میں سے کچھ بد بخت ہو نگے اور کچھ نیک بخت ‘‘کافروں کے چہرے سیاہ ہوں گے: ﴿ يَوْمَ تَبْيَضُّ وُجُوْهٌ وَّتَسْوَدُّ وُجُوْهٌ﴾۵؎ ’’ جس دن بہت سے منہ سفید ہوں گے اور بہت سے سیاہ تو جن لوگوں کے منہ سیاہ ہوں گے (ان سے خدا فرمائے گا) کیا تم ایمان لا کر کافر ہوگئے تھے؟ سو (اب) اس کفر کے بدلے عذاب (کے مزے) چکھو ‘‘ ------------------------------ ۱؎:یس:۵۹۔ ۲؎:یس:۶۰۔ ۳؎:سبا:۴۲۔ ۴؎:ہود:۱۰۵۔ ۵؎:آلِ عمران:۱۰۶۔