موضوعاتی درس قرآن ۔ سورہ فاتحہ |
|
بے سینگ بکری کو سینگ لگوا کر بدلہ دیا جائے گا: اس دن حق تعالیٰ شانہ، دودھ کا دودھ پانی کا پانی کردیں گے۔ حتیٰ کہ دنیا میں ایک سینگ والی بکری نے بے سینگ والی بکری کو سینگ مارا ہوگاتو کل قیامت کے دن اللہ تعالیٰ بے سینگ والی بکری کو سینگ دے کر اُس کا بدلہ دلوادیں گے۔۱؎ اُس دن جس سے آسان حساب لیا جائے گا وہ کامیاب ہوگیا اور جس سے سوال و جواب کیا جائے گا وہ ہلاک ہوجائے گا: ’’وَمَنْ نُوْقِشَ الْحِسَابَ هَلَكَ‘‘۲؎ ’’جس کو کھریدا گیا وہ تباہ ہوگیا۔‘‘ پوچھا گیا کہ ’’آسان حساب‘‘کیا ہے؟فرمایا’’آسان حساب‘‘عرض ہے۔’’عرض‘‘ کا مطلب یہ ہے کہ آدمی کے ہاتھ میں اعمال نامہ دیا جائے گا کہ یہ تمہارا اعمال نامہ ہے، تم اس کو دیکھ لو۔ جس کا نامۂ اعمال دائیں ہاتھ میں دیا جائے گا وہ نجات پا جائے گا اور جس سے یہ کہا جائے گا کہ تو نے یہ کیوں کیا؟ تو ایسا آدمی پھنس جائے گا۔ ایک ایک منٹ، ایک ایک سیکنڈ کا حساب لیا جائے گا،ہر ہر چیز کا حساب لیا جائے گا، مال کہاں سے کمایا اُس کا حساب بھی ہوگا، کہاں خرچ کیا ؟ اُس کا حساب بھی ہوگا، علم حاصل کیا یا نہیں؟ اُس کا حساب ہوگا،جو علم حاصل کیا اُس پر کتنا عمل کیا؟ اُس کا بھی حساب ہوگاجسم کہاں کھپایا اس کا حساب ہوگا،عمر کہاں فنا کردی اس کا بھی حساب ہوگا۔۳؎ ------------------------------ ۱؎:صحیح مسلم: کتاب البر والصلۃ والآداب ؍ باب تحریم الظلم۔۲؎:صحیح بخاری: كتاب التفسير؍ باب فسوف یحاسب حسابا یسیرا۔۳؎:سنن ترمذی: ابواب صفۃ القیامۃ والرقائق والورع ؍ باب فی القیامۃ۔