احتساب قادیانیت جلد نمبر 58 |
|
انہیں دل سے قبول کرنے اور ان پر انشراح صدر سے عمل پیدا ہونے کی توفیق عطاء فرما۔ تاہم خود پسندی اور خود اختیاری سے پاک ہوکر تیرے حضور میں حقیقی عزت حاصل کرنے والے بنیں۔ آمین رب العالمین! والسلام! قوم کا سچا خادم: خاکسار: شیخ عبدالرحمان مصری بسم اﷲ الرحمن الرحیم وعلیٰ عبدہ المسیح الموعود نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم! نمبر۷… عزل خلفاء موجودہ خلیفہ کے معزول کرنے کے سوال پر غور کرنے کے لئے جو کمیشن کا مطالبہ میں نے جماعت سے کیا اس کی طرف عدم التفات کی سب سے بڑی دو وجوہات احباب کی طرف سے پیش کی گئی ہیں۔ ایک یہ کہ موجودہ خلیفہ صاحب مسیح موعود کی پیش گوئی دربارہ مصلح موعود کے مصداق ہیں۔ دوئم یہ کہ خلیفہ معزول نہیں ہوسکتا۔ درجہ اوّل کے متعلق تو میں کسی دوسرے اشتہار میں اپنے خیالات کا اظہارکروں گا۔ اس اشتہار میں میں صرف دوسری وجہ کے متعلق اپنے خیالات کو احباب کے سامنے رکھ کر ان سے اپنی تسلی چاہتا ہوں۔ امید ہے وہ مجھے اپنے علم سے مستفید فرماکر ممنون فرمائیں گے۔ عزل خلیفہ کے عدم امکان پر جو سب سے بڑی دلیل احباب کی طرف سے اس وقت تک پیش کی گئی ہے۔ وہ یہی ہے کہ آیت استخلاف سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ خلیفے خدا بناتا ہے اور خدا کی بنائی ہوئی چیز کو انسان گرانے کے مجاز نہیں ہیں۔ اس کے سوا اور کوئی دلیل اس وقت تک میری نظر سے نہیں گزری۔، لیکن میں نے اپنے اشتہار ’’کیا تمام خلیفے خدا ہی بناتا ہے۔‘‘ میں ثابت کردیا ہے کہ یہ خیال حضرت مسیح موعود کی تعلیم کے سراسر خلاف ہے۔ پس جب اصل ہی سراسر غلط ثابت ہوگئی تو وہ مسئلہ جو بطور فرع اس میں سے نکالا گیا ہے کس طرح صحیح قرار دیا جاسکتا ہے؟ گو اس دلیل کے بعد میرے لئے کسی اور دلیل کے پیش کرنے کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔ لیکن محض اس لئے کہ اس مسئلہ پر مزید روشنی پڑ کر ہمیشہ کے لئے یہ مسئلہ صاف ہو جائے۔ ذیل میں چند معروضات برائے غور احباب کی خدمت میں پیش کرتا ہوں۔ ان معروضات کے پیش کرنے سے قبل میں یہ بتا دینا بھی ضروری سمجھتا ہوں کہ میری غرض کوئی مناظرہ یا مباحثہ نہیں اور نہ ہی میں اپنی جماعت کے علماء کو اپنے مدمقابل سمجھتا ہوں۔