احتساب قادیانیت جلد نمبر 58 |
|
فعلوا وفہم یعلمون‘‘ یعنی مؤمن سے اگر کوئی غلطی ہو جائے۔ خواہ بڑی ہو یا چھوٹی وہ اﷲتعالیٰ سے فوراً اس کی معافی کا طالب ہوتا ہے اور علم پاکر اس پر کبھی اصرار نہیں کرتا اور پھر فرماتا ہے: ’’انما المؤمنون الذی اذا ذکر اﷲ وجلت قلوبہم واذا تلیت علیہم اٰیاتہ زادتہم ایماناً وعلیٰ ربہم یتوکلون‘‘ یعنی حقیقی مؤمن صرف وہی ہوتے ہیں جن کے سامنے جس وقت بھی اﷲتعالیٰ کانام آجائے۔ ان کے دل فوراً ڈر جاتے ہیں اور جس وقت بھی اﷲتعالیٰ کے احکام ان کو سنائے جاتے ہیں۔ ان پر عمل کرنے کی وجہ سے ان کے ایمانوں میں زیادتی شروع ہو جاتی ہے اور جس کے نتیجہ میں ان کو ماسوی اﷲ کا کوئی خوف نہیں رہتا۔ بلکہ محض اﷲتعالیٰ پر ہی توکل ہو جاتا ہے۔ میرے عزیزو! میرے بزرگو! آپ نے اپنے ایک بے قصور بھائی، ہاں اس بھائی کو جو محض آپ لوگوں کو ایک خطرناک ظلم جس سے آپ میں سے اکثر بے خبر ہیں کے پنجہ سے چھڑانے کے لئے اپنی عزت، اپنا مال، اپنی سبیل معاش، اپنا آرام، اپنے اہل وعیال کا آرام، اپنے عزیز بچوں کی تعلیم سب کچھ قربان کر کے محض انتفاء لمرضات اﷲ آپ کی خدمت کے لئے نکلا ہے۔ (مجھے یقین ہے کہ اﷲتعالیٰ اپنے فضل وکرم سے میری اس قربانی کو ضائع نہیں کرے گا اور ضرور اس کے نیک نتائج پیدا کرے گا اور میری تمام ضروریات کا بھی وہ خود ہی متکفل ہوگا۔ انشاء اﷲ!) دشمن قرار دے کر بغیر کسی قسم کی تحقیق کئے اس کے خلاف نفرت وحقارت کے ریزولیوشن پاس کرتے ہوئے بیشمار گالیوں کا اسے نشانہ بنایا ہے۔ عزیزو! بیشک اس سب وشتم سے آپ نے ایک انسان کو تو خوش کرنے کا سامان کر لیا ہے۔ لیکن یہ بھی تو سوچ لیتے کہ جزاء وسزا کے دن جس کی شان میں ’’لا تزر وزرۃ وزر اخریٰ‘‘ وارد ہوا ہے۔ کیا جواب تیار کیا ہے؟ میں نے تو دل سے یہ سب گالیاں آپ کو معاف کر دی ہیں۔ لیکن اﷲتعالیٰ کے ارشاد ’’فیبتغوا‘‘ یعنی تحقیق کر لیا کرو اور رسول کریمﷺ کے فرمان ’’المسلم من سلم المسلمون من لسانہ ویدہ‘‘ (مسلم وہ ہے جس کے ہاتھ اور زبان کی ایذا رسانی سے تمام مسلمان محفوظ رہیں) کو جو آپ نے توڑا ہے اس لئے مجھ کو ڈر ہے کہ اس کی وجہ سے کہیں آپ گرفت کے نیچے نہ آجائیں۔ عزیزو! آپ خشیۃ اﷲ کو دل میں رکھتے ہوئے غور تو کریں کہ کہیں آپ نے ایک مؤمن بھائی کومنافق بتاتے ہوئے منافق کے متعلق رسول کریمﷺ کی بیان کردہ علامتوں میں سے اس علامت کے ماتحت ’’اذا خاصم فجر‘‘ یعنی منافق کی ایک یہ بھی علامت ہے کہ جب اس کا کسی کے ساتھ جھگڑا ہو جائے تو گالیاں دیتا ہے۔ آپ نے اپنے اندر تو کوئی علامت نفاق پیدا نہیں کر لی؟