حیاۃ الصحابہ اردو جلد 3 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
نے کہا: کیوں؟ والدہ نے کہا: یہ تو آپ کے پیچھے اتنا دودھ دیا کرتی تھی جس سے یہ بڑا پیالہ بھر جاتاتھا۔ والد نے کہا: اس کا دودھ کون نکالتاتھا؟ والدہ نے کہا: حضورﷺ۔ والد نے کہا: تم تو مجھے حضورﷺ کے برابر کررہی ہو۔ اللہ کی قسم! ان کے ہاتھ میں تو میرے ہاتھ سے بہت زیادہ برکت ہے۔ 1 جلداوّل صفحہ ۴۱۹ پر سختیاں برداشت کرنے کے باب میں حضرت ابو ہریرہ ؓ کی حدیث اور جلد اوّل صفحہ ۱۴۳ پر اللہ اور اس کے رسول کی طرف دعوت دینے کے باب میں حضرت علی ؓ کی حدیث گزرچکی ہے۔گوشت میں برکت حضرت مسعود بن خالد ؓ فرماتے ہیں: میں نے حضورﷺ کی خدمت میں ایک بکری بھیجی اور میں خود کسی کام سے کہیں چلاگیا۔ حضورﷺنے میرے گھر بکری کاکچھ گوشت بھیجا۔ میں اپنی بیوی حضرت اُمِّ خُنَّاسؓ کے پاس واپس آیا تو میں نے دیکھا کہ اس کے پاس گوشت رکھا ہوا ہے۔ میں نے پوچھا: اے اُمِّ خُنَّاس! یہ گوشت کہاں سے آیا ہے؟ میری بیوی نے کہا: آپ نے اپنے خلیلﷺکو جو بکری بھیجی تھی اس میں سے انھوں نے یہ گوشت ہمیں بھیجا ہے۔ میں نے کہا: کیا بات ہے تم نے بچوں کو یہ گوشت اب تک کھلایا نہیں؟میری بیوی نے کہا: میں تو سب کو کھلا چکی ہوں یہ تو ان کا بچا ہوا ہے۔ حضرت مسعود ؓ فرماتے ہیں: تھوڑے سے گوشت سے سب گھر والوں نے کھالیا اور پھر بھی گوشت بچ گیا، حالاںکہ یہ لوگ دو تین بکریاں ذبح کرتے تھے اور پھر بھی کافی نہیں ہوتی تھیں۔1 حضرت خالد بن عبدالعُزّٰیؓفرماتے ہیں: میں نے حضورﷺ کی خدمت میں ذبح کرنے کے قابل ایک بکری پیش کی جسے حضورﷺ نے بھی نوش فرمایا اور آپ کے بعض صحابہؓ نے بھی کھایا، لیکن پھر بھی گوشت بچ گیا جو حضورﷺ نے مجھے عطا فرما دیا، جسے میں نے اور میرے تمام بال بچوں نے کھایا اور پھر بھی بچ گیا حالاںکہ میرے بچے بہت سارے تھے۔ 2جہاں سے روزی ملنے کا گمان نہ ہو وہاں سے روزی ملنا حضرت سَلَمہ بن نُفَیل ؓ فرماتے ہیں: میں نے حضورﷺ سے پوچھا: کیا کبھی آپ کے لیے آسمان سے بھی کھانا اُتاراگیا؟ آپ نے فرمایا: ہاں۔ میں نے پوچھا: کیا اس میں سے کچھ بچا تھا؟ آپ نے فرمایا: ہاں۔ میں نے پوچھا: اس کا کیا ہوا؟ آپ نے فرمایا: اسے آسمان کی طرف اُٹھالیاگیا۔3 حضرت سَلَمہ بن نُفَیل سکونی ؓ نبی کریم ﷺ کے صحابہ ؓ میں سے تھے۔ وہ فرماتے ہیں: ایک دفعہ ہم لوگ حضورﷺ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے کہ اتنے میں ایک آدمی آیا اور اس نے عرض کیا: اے اللہ کے نبی! کیا کبھی آپ کے پاس آسمان سے کھانا آیاہے؟ آپ نے فرمایا: ہاں دیگچی میں گرم گرم آیاتھا۔ اس آدمی نے پوچھا: کیا آپ کے کھانے کے بعد کچھ کھانا بچاتھا؟ حضورﷺ نے فرمایا: