حیاۃ الصحابہ اردو جلد 3 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
بدلے دس نیکیاں ملیں گی۔1 دوسری روایت میں یہ ہے کہ حضرت ابنِ عمر ؓ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ اس کے لیے ہر حرف کے بدلے دس نیکیاں لکھیں گے۔ میں یہ نہیں کہتاہوں کہ الٓمٓ پر دس نیکیاں ملیں گی، بلکہ الف پر دس نیکیاں ملیں گی اور لام پر دس اور میم پر دس۔2دن اور رات میں، سفر اور حضر میں قرآن کی سورتیں پڑھنا حضرت عُقبہ بن عامر جُہَنیؓ فرماتے ہیں: میری حضورﷺ سے ملاقات ہوئی تو حضورﷺ نے مجھے فرمایا: اے عُقبہ بن عامر! جو تم سے تعلق توڑے تم اس سے تعلق جوڑو، جو تمھیں محروم رکھے (اور تمھیں نہ دے) تم اسے دو، اور جو تم پر ظلم کرے تم اسے معاف کردو۔ اس کے بعد میری حضورﷺ سے پھر ملاقات ہوئی تو مجھ سے فرمایا: اے عُقبہ بن عامر! کیا میں تمھیں چند ایسی سورتیں نہ سکھا دوں کہ ان جیسی سورتیں اللہ نے تورات،زبور،انجیل اور قرآن کسی میں بھی نازل نہیں فرمائیں، اور میں ہررات انھیں ضرور پڑھتاہوں: {قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ}، {قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ} اور {قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِ}۔ جب سے حضور ﷺ نے مجھے ان سورتوں کے پڑھنے کا حکم دیاہے اس وقت سے میں ہر رات ان کو ضرور پڑھتاہوں اور جب حضورﷺ نے مجھے ان کے پڑھنے کا حکم دیاہے تو مجھ پر واجب ہوگیاہے کہ انھیں نہ چھوڑوں۔3 حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہیں: حضورﷺ جب رات کو اپنے بستر پر تشریف لاتے تو {قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ}اور{قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ } پڑھ کر دونوں ہاتھوں کو ملاکر اپنے اوپر دم کرتے، اور جہاں تک ہوسکتا دونوں ہاتھ سارے جسم پر پھیر تے، اپنے سر، چہرے اور جسم کے اگلے حصے سے اس کی اِبتدافرماتے، اور اس طرح تین مرتبہ فرماتے۔4 حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہیں: حضورﷺ جب بستر پر تشریف لاتے تو {قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ}، اور مُعَوَّذَتین {قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَق} اور {قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِ} پڑھ کر دونوں ہاتھوں پر دم کرتے اور انھیں چہرے، بازو، سینے اور جسم پر جہاں تک ہاتھ پہنچتے، پھیرتے۔ جب حضور ﷺ کی بیماری بڑھ گئی تو آپ نے مجھے حکم دیا کہ میں آپ کے ساتھ اس طرح کروں۔1 حضرت جابر ؓ فرماتے ہیں: نبی کریم ﷺ جب تک {الٓمّٓ تَنْزِیْلُ} اور{ تَبٰرَکَ الَّذِیْ بِیَدِہِ الْمُلْکُ} دونوں سورتیں پڑھ نہ لیتے نہ سوتے۔ حضرت طاوس کہتے ہیں: یہ دونوں سورتیں قرآن کی ہر سورت پر ستّر نیکیاں زیادہ فضیلت رکھتی ہیں۔2 حضرت عِرباض بن ساریہ ؓ فرماتے ہیں: حضورﷺ جب بستر پر لیٹتے تو سونے سے پہلے مسبَّحات پڑھتے( یعنی وہ سورتیں پڑھتے جن کے شروع میںسَبَّحَ یا یُسَبِّحُ آتاہے)۔ا ور حضور ﷺ نے فرمایا: ان سورتوں میں ایک ایسی آیت ہے جو ہزار آیتوں سے افضل ہے۔3 حضرت عائشہؓفرماتی ہیں کہ جب تک حضورﷺ سورۂ زمر اور سورۂ بنی اِسرائیل پڑھ نہ لیتے سویانہ کرتے۔4