حیاۃ الصحابہ اردو جلد 3 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
نازل فرما جیسے تو نے حضرت ابراہیم ؑ کی آل پر نازل فرمائی تھیں۔ بے شک تو بہت تعریف والا اور بزرگی والاہے۔1 حضرت ابو عمار کہتے ہیں: میں حضرت واثِلہ بن اسقع ؓ کے پاس بیٹھا ہواتھا کہ اتنے میں کچھ لوگوں نے حضرت علی ؓ کا تذکرہ کیا اور انھیں کچھ برا بھلا کہہ دیا۔ جب وہ لوگ کھڑے ہوکر چلے گئے تو مجھ سے فرمایا: تم ذرا بیٹھے رہو، میں اس ہستی کے بارے میں بتاتا ہوں جسے انھوں نے برا بھلاکہاہے۔ ایک دن میں حضورﷺ کے پاس بیٹھا ہواتھا کہ اتنے میں حضرت علی، حضرت فاطمہ، حضرت حسن، حضرت حسین ؓ آئے۔ آپ نے ان پر اپنی چادر ڈال کر یہ دعا فرمائی: اے اللہ! یہ میرے گھروالے ہیں، ان سے ناپاکی دور کر اور انھیں اچھی طرح پاک فرما۔ میں نے عرض کیا: میں بھی؟ حضورﷺ نے فرمایا: تم بھی۔ حضرت واثلہ ؓ فرماتے ہیں: اللہ کی قسم! میرے دل کو حضورﷺ کے اس فرمان پر تمام اعمال سے زیادہ اعتماد ہے۔اور ایک روایت میں یہ ہے: مجھے حضورﷺ کے اس فرمان سے سب سے زیادہ اُمید ہے۔2 حضرت علی ؓ فرماتے ہیں: میں نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا۔ حضور ﷺ نے ایک چادر بچھا رکھی تھی اس پر حضورﷺ، میں، حضرت فاطمہ، حضرت حسن اور حضرت حسین ؓ سب بیٹھ گئے۔ پھر حضورﷺ نے چادر کے چاروں کونے پکڑ کر ہم پر گرہ لگادی پھر یہ دعا فرمائی: اے اللہ! جیسے میں ان سے راضی ہوں تو بھی ان سے راضی ہوجا۔1حضورﷺ کی حضراتِ حسنین ؓ کے لیے دعائیں حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ فرماتے ہیں: حضورﷺ نے حضرت حسن حضرت حسین ؓ کے لیے یہ دعا فرمائی: اے اللہ! میں ان دونوں سے محبت کرتاہوں تو بھی ان سے محبت فرما اور جس نے ان دونوں سے محبت کی اس نے حقیقت میں مجھ سے محبت کی۔2 حضرت ابوہریرہ ؓ سے اس دعا کے یہ الفاظ منقول ہیں: اے اللہ! میں ان دونوں سے محبت کرتاہوں تو بھی ان دونوں سے محبت فرما۔3 نسائی اور ابنِ حبان میں یہ دعا حضرت اُسامہ ؓ سے منقول ہے۔ اس کے آخر میں یہ ہے کہ جو اِن دونوں سے محبت کرے تو اس سے بھی محبت فرما۔ اور اس کے شروع میں یہ ہے کہ یہ دونوں میرے بیٹے ہیں اور میری بیٹی کے بیٹے ہیں۔4 ابنِ ابی شیبہ اور طیالسی میں یہ دعا حضرت ابوہریرہ ؓ سے منقول ہے۔ اس میں مزید یہ بھی ہے کہ جو اِن سے بغض رکھے تو اس سے بغض رکھ۔5 ’’بخاری‘‘ و’’ مسلم ‘‘ وغیرہ میں حضرت ابوہریرہ ؓ سے، اور طبرانی میں حضرت سعید بن زید اور حضرت عائشہؓ سے منقول ہے کہ حضورﷺ نے یہ دعا فرمائی: اے اللہ! مجھے حسن سے محبت ہے تو بھی اس سے محبت فرمااور جو اِس سے محبت کرے اس سے بھی محبت فرما۔6