حیاۃ الصحابہ اردو جلد 3 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
رات کو جب نیند نہ آئے یا گھبرا جائے تو کیا کہے حضرت ابو اُمامہؓفرماتے ہیں: حضرت خالد بن ولیدؓنے حضورﷺ کو بتایا کہ وہ رات کو کچھ ڈرائونی چیزیں دیکھتے ہیں جن کی وجہ سے وہ رات کو تہجد کی نماز نہیں پڑھ سکتے۔ حضور ﷺ نے فرمایا: اے خالد بن ولید!کیا میں تمھیں ایسے کلمات نہ سکھادوں کہ جب تم ان کو تین مرتبہ پڑھ لو گے تو اﷲ تعالیٰ تمہاری یہ تکلیف دور کر دیں گے۔ حضرت خالدنے کہا: یارسول اﷲ! میرے ماں باپ آپ پر قربان ہوں! ضرور سکھائیں ،میں نے آپ کو اپنی یہ تکلیف اسی لیے تو بتائی ہے۔ حضورﷺ نے فرمایا: یہ کلمات کہا کرو: أَعُوْذُ بِکَلِمَاتِ اللّٰہِ التَّامَّۃِ مِنْ غَضَبِہٖ وَعِقَابِہٖ وَشَرِّ عِبَادِہٖ وَمِنْ ھَمَزَاتِ الشَّیَاطِیْنِ وَأَنْ یَّحْضُرُوْنَ۔ میں اﷲ کے غصہ اور اس کی سزا سے اور اس کے بندوں کے شر سے اور شیاطین کے وساوس سے اور شیاطین کے میرے پاس آنے سے اس کے کامل کلمات کی پناہ چاہتا ہوں۔ حضرت عائشہ ؓفرماتی ہیں: چند راتیں ہی گزری تھیں کہ حضرت خالدؓنے آکر عرض کیا: یا رسول اﷲ! میرے ماں باپ آپ پر قربان ہوں!اس ذات کی قسم جس نے آپ کو حق دے کر بھیجا ہے!جو کلمات آپ نے مجھے سکھائے تھے وہ میں نے تین مرتبہ پورے ہی کیے تھے کہ اﷲتعالیٰ نے میری وہ تکلیف دور کر دی اور اب تو میرا یہ حال ہے کہ شیر کے بن میں اس کے پاس رات کو بھی بلا خوف و خطر جا سکتا ہوں۔1 حضرت عبداﷲ بن عمروؓ فرماتے ہیں: حضورﷺ نے فرمایا:جب تم میں سے کوئی نیند میں گھبرا جائے تو یہ دعا پڑھے: أَعُوْذُ بِکَلِمَاتِ اللّٰہِ التَّامَّاتِ آگے پچھلی جیسی دعا ذکر کی۔ حضرت عبداﷲ بن عمرو جو بچہ سمجھ دار ہوتا اسے تو یہ دعا سکھاتے اور جو ابھی نا سمجھ ہوتا تو یہ دعا کسی کاغذ پر لکھ کر اس کے گلے میں ڈال دیتے۔2 نسائی کی روایت میں یہ ہے کہ حضرت خالد بن ولیدؓ نیند میں گھبراجایا کرتے تھے۔ انھوں نے حضورﷺ سے اس کا ذکر کیا۔ حضورﷺ نے فرمایا:جب تم لیٹا کرو تو یہ دعا پڑھ لیا کرو۔ بِسْمِ اللّٰہِ آگے پچھلی جیسی دعا ذکر کی۔ امام مالک نے ’’موطأ‘‘ میں لکھا ہے کہ مجھے یہ بات پہنچی ہے کہ حضرت خالد بن ولید ؓ نے حضورﷺ کی خدمت میں عرض کیا کہ میں سوتے میں ڈر جاتا ہوں۔ حضور ﷺ نے فرمایا:یہ دعا پڑھ لیا کرو اور پچھلی دعا ذکر کی۔ حضرت ولید بن ولیدؓنے حضورﷺ کی خدمت میں عرض کیا:یا رسول اﷲ! مجھے گھبراہٹ اور وحشت محسوس ہوتی ہے۔ حضورﷺ نے فرمایا: جب تم بستر پر لیٹا کرو تو یہ دعا پڑھا کرو۔ پھر پچھلی دعا ذکر کی۔3بے چینی، پریشانی اور رنج وغم کے وقت کی دعائیں حضرت علیؓفرماتے ہیں: حضورﷺ نے مجھے یہ کلمات سکھائے اور فرمایا: جب تمھیں کوئی پریشانی یا سختی پیش آیا کرے تو انھیں پڑھا