حیاۃ الصحابہ اردو جلد 3 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
تم کسی جان کو (برے کاموں سے اور ظلم سے) بچالو،یہ تمہارے لیے اس امارت سے بہتر ہے جس میں تم عدل وانصاف سے کام نہ لے سکو۔ اور موت کے وقت کی ملامت سب سے بری ملامت ہے اور قیامت کے دن کی شرمندگی سب سے بری شرمندگی ہے۔ اور ہدایت ملنے کے بعد گمراہ ہوجانا سب سے بری گمراہی ہے اور دل کا غنا سب سے بہترین غناہے (پیسہ پاس نہ ہو لیکن دل غنی ہو)۔ اور سب سے بہترین تو شہ تقویٰ ہے۔ اور اللہ تعالیٰ دل میں جتنی باتیں ڈالتے ہیں ان میں سب سے بہترین بات یقین ہے اور شک کرناکفرمیں شامل ہے۔اور دل کا اندھاپن سب سے برا اندھاپن ہے اور شراب تمام گناہوں کا مجموعہ ہے اور عورتیں شیطان کا جال ہیں۔ اور جوانی پاگل پن کی ایک قسم ہے اور میت پر نوحہ کرنا جاہلیت کے کاموں میں سے ہے۔ اور بعض لوگ جمعہ میں سب سے آخر میں آتے ہیں اور صرف زبان سے اللہ کا ذکر کرتے ہیں دل بالکل متوجہ نہیں ہوتا۔ اور سب سے بڑی خطا جھوٹ بولناہے اور مسلمان کو گالی دینا فسق ہے اور اس سے جنگ کرنا کفر ہے اور اس کے مال کا احترام کرنا اسی طرح ضروری ہے جس طرح اس کے خون کا احترام کرنا۔ جولوگوں کو معاف کرے گا اللہ اسے معاف کرے گا۔ جو غصہ پی جائے اللہ اسے اجردے گا، اور جو اوروں سے درگزر کرے گا اللہ اس سے درگزر کرے گا، اور جو مصیبت پر صبرکرے گا اللہ اسے بہت عمدہ بدلہ دیں گے۔ اور سب سے بری کمائی سودکی ہے اور سب سے براکھانا یتیم کامال ہے۔ اور خوش قسمت وہ ہے جودوسروں سے نصیحت حاصل کرے اور بدقسمت وہ ہے جو ماں کے پیٹ میں اَزل سے بدبخت ہوگیا ہو۔ اور تم میں سے ہر ایک کو اتنا کافی ہے جس سے اس کے دل میں قناعت پیداہوجائے۔ تم میں سے ہر ایک کو بالآخر چارہاتھ جگہ یعنی قبرمیں جاناہے اور اصل معاملہ آخرت کا ہے اور عمل کا دارومدار اس کے انجام پر ہے۔ اور سب سے بری روایتیںجھوٹی روایتیں ہیں۔اور سب سے اعلیٰ موت شہادت والی موت ہے۔اور جو اللہ کی آزمایش کو پہچانتا ہے وہ اس پر صبر کرتاہے اور جونہیں پہچانتا وہ اس کا انکار کرتاہے۔ اور جوبڑا بنتاہے اللہ اسے نیچا کرتے ہیں۔ جودنیاسے دوستی کرتاہے دنیا اس کے قابو میں نہیں آتی۔ جو شیطان کی بات مانے گا وہ اللہ کی نافرمانی کرے گا، جو اللہ کی نافرمانی کرے گا اللہ اسے عذاب دیںگے۔ 1 حضرت ابنِ مسعود ؓ نے فرمایا: جودنیامیں دکھاوے کی وجہ سے عمل کرے گا اللہ قیامت کے دن اس کے گناہ اور عیوب لوگوں کو دکھائیں گے۔ اور جو دنیامیں شہرت کے لیے عمل کرے گا اللہ اس کے گناہ قیامت کے دن لوگوں کو سنائیں گے۔ اور جوبڑا بننے کے لیے خود کو اونچا کرے گا اللہ اسے نیچا کریں گے اور جو عاجزی کی وجہ سے خود کو نیچا کرے گا اللہ تعالیٰ اسے بلند کریں گے۔2حضرت سلمان فارسی ؓ کی نصیحتیں حضرت جعفر بن بُرقانکہتے ہیں: ہمیں یہ بات پہنچی کہ حضرت سلمان فارسی ؓ فرمایا کرتے تھے کہ مجھے تین آدمیوں پر ہنسی آتی ہے اور تین چیزوں سے رونا آتاہے۔ ایک تو اس آدمی پر ہنسی آتی ہے جودنیا کی اُمیدیں لگارہاہے، حالاںکہ موت اسے تلاش کررہی ہے۔