حیاۃ الصحابہ اردو جلد 3 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
چناںچہ میں وفات کے وقت ان کے پاس تھا ان کے پاس سے ایک عورت گزری، تو مجھے اس عورت کا عکس ان کے چہرے میں اس طرح نظر آیا جیسے کہ شیشے میں نظر آتاہے۔ 3 حضرت نابغہ جَعْدی ؓ فرماتے ہیں: میں نے حضورﷺ کو یہ شعر سنایا جو حضورﷺ کو بہت پسند آیا : بَلَغْنَا السَّمَائَ مَجْدُنَا وَثَرَانَا وَإِنَّا لَنَرْجُوْ فَوْقَ ذٰلِکَ مَظْھَرَا ہماری بزرگی اور بلندی آسمان تک پہنچ گئی ہے، اور ہمیں اس سے بھی اوپر چڑھنے کا یقین ہے۔ حضور ﷺ نے فرمایا: اے ابولیلیٰ! اور اوپر کہاں چڑھناہے؟ میں نے کہا: جنت میں۔ آپ نے فرمایا: ٹھیک ہے اِن شاء اللہ، اور شعر پڑھو۔ پھر میں نے یہ شعر پڑھے: وَلَا خَیْرَ فِيْ حِلْمٍ إِذَا لَمْ یَکُنْ لَہٗ بَوَادِرُ تَحْمِيْ صَفْوَہُ أَنْ یُکَدَّرَا وَلَا خَیْرَ فِيْ جَھْلٍ إِذَا لَمْ یَکُنْ لَہٗ حَلِیْمٌ إِذَا مَا أَوْرَدَ الْأَمْرَ أَصْدَرَا بُردباری میں اس وقت تک خیر نہیں ہوسکتی جب تک کہ جلدی جلدی کیے جانے والے کچھ کام ایسے نہ ہوں جو بُردباری کو گدلاہونے سے بچائیں۔ اور سخت کلامی میں اس وقت تک خیر نہیں ہوسکتی جب تک کہ انسان بُردبارنہ ہو کہ وہ جب کوئی کام شروع کرے تو اسے پورا کرکے چھوڑے۔ حضور ﷺ نے فرمایا: تم نے بہت عمدہ شعر کہے ہیں، اللہ تمہارے دانتوں کو گر نے نہ دے۔ یعلیٰ راوی کہتے ہیں: میں نے حضرت نابغہ کو دیکھا کہ ان کی عمر سوسال سے زیادہ ہوچکی تھی، لیکن ان کا ایک بھی دانت نہیں گرا تھا۔ 1 حضرت عبداللہ بن جراد کہتے ہیں: بنو جعدہ قبیلہ کے حضرت نابغہ ؓ کو میں نے یہ فرماتے ہوئے سنا کہ میں نے نبی کریم ﷺ کو اپنا یہ شعر عَلَوْنَا السَّمَائَ سنایا، حضورﷺ کو غصہ آگیا۔ آپ نے فرمایا: اے ابولیلیٰ! چڑھ کر اوپر کہاں جاناہے؟ میں نے کہا: جنت میں۔ آپ نے فرمایا: ہاں ٹھیک ہے، اِن شاء اللہ۔ مجھے اپنے اور اشعار سنائو۔ اس پر میں نے ’’وَلَا خَیْرَ فِيْ حِلْمٍ ‘‘ والے دونوں شعر سنائے تو آپ نے مجھ سے فرمایا: تم نے بہت اچھے شعر کہے ہیں، اللہ تمہارے دانتوں کو گرنے نہ دے۔ حضرت عبداللہ کہتے ہیں: میں نے دیکھا تو مجھے حضرت نابغہ ؓ کے دانت مسلسل گرنے والے اولوں کی طرح چمک دار نظر آئے، اور نہ کوئی دانت ٹوٹا ہوا تھا اور نہ کوئی مڑاہوا۔ عاصم لیثی کی روایت میں ہے کہ حضرت نابغہ کے دانت عمر بھر بڑے خوب صورت رہے، جب بھی ان کا کوئی دانت گرجاتاتو اس کی جگہ دوسرا نکل آتا اور ان کی عمر بہت زیادہ ہوئی تھی۔ 1صدمہ کے اثر کا چلے جانا