حیاۃ الصحابہ اردو جلد 3 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
حضرت ابوبکرصدیق ؓ نے فرمایا: جیسے پانی آگ کومٹا دیتا ہے، حضورﷺ پر درود بھیجنا اس سے زیادہ خطائوں کو مٹانے والا ہے۔ اور نبی کریم ﷺ پر سلام بھیجنا غلام آزاد کرنے سے اَفضل ہے، اور حضورﷺ کی محبت غلام آزاد کرنے سے اور اللہ کے راستہ میں تلوار چلانے سے اَفضل ہے۔1 حضرت عمر بن خطاب ؓ نے فرمایا: جب تک تم اپنے نبی ﷺ پر درود نہیں بھیجتے اس وقت تک دعا آسمان اور زمین کے درمیان رُکی رہتی ہے بالکل اوپر نہیں جاتی۔2 حضرت عمر ؓ نے فرمایا: جب تک نبی کریم ﷺ پر درود نہیں پڑھ لیا جاتا اس وقت تک دعا ساری کی ساری آسمان سے پہلے رُکی رہتی ہے، جب درود آجاتاہے پھر دعا اوپر جاتی ہے۔3 حضرت علی ؓ نے فرمایا: جب تک حضرت محمد ﷺ پر درود نہیں پڑھ لیا جاتا اس وقت تک ہر دعارُکی رہتی ہے۔4 حضرت علی ؓ فرماتے ہیں: جو آدمی جمعہ کے دن نبی کریم ﷺ پر سو دفعہ درود پڑھے گا وہ قیامت کے دن اس حال میں آئے گا کہ اس کے چہرے پر خاص قسم کا نور ہوگا جسے دیکھ کر لوگ کہیں گے: یہ کون ساعمل کیا کرتاتھا (جس کی وجہ سے اسے یہ نور ملا ہے)؟5 حضرت ابنِ عباس ؓ نے فرمایا: نبیوں کے علاوہ کسی اور پر درود بھیجنا مناسب نہیں۔6 حضرت ابنِ عباس ؓ نے فرمایا: کسی کی طرف سے کسی پر درود بھیجنا مناسب نہیں صرف نبی کریم ﷺ پر درود بھیجنا چاہیے۔1اِستِغفار کرنا حضرت ابنِ عمر ؓ فرماتے ہیں: ہم شمار کیا کرتے تھے کہ حضورﷺ ایک ہی مجلس میں سو دفعہ رَبِّ اغْفِرْ لِيْ وَتُبْ عَلَيَّ إِنَّکَ أَنْتَ التَّوَابُ الرَّحِیْمُ کہہ لیتے۔ اے میرے ربّ! میری مغفرت فرما، میری توبہ قبول فرما، بے شک تُوہی توبہ قبول کرنے والا اور نہایت مہربان ہے۔2 حضرت حُذیفہ ؓ فرماتے ہیں:میں نے حضورﷺ سے اپنی زبان کی تیزی کی شکایت کی۔ آپ نے فرمایا: تم اِستغفار سے کہاں غفلت میں پڑے ہو؟ میں تو روزانہ اللہ سے سومرتبہ اِستغفار کرتاہوں۔3 ابو نُعیم کی دوسری روایت میں حضرت حذیفہؓ فرماتے ہیں: میں نے حضورﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر عرض کیا: یا رسول اللہ! میری زبان گھر والوں کے بارے میں تیزی کرجاتی ہے جس سے مجھے ڈرہے کہ یہ تو مجھے آگ میں داخل کردے گی۔ آگے پچھلی حدیث جیسا مضمون ذکر کیاہے۔ حضرت انس بن مالک ؓ فرماتے ہیں: حضورﷺ ایک سفر میں تھے، آپ نے فرمایا: اللہ سے اِستغفار کرو۔ ہم نے اِستغفار کیا۔ فرمایا: پورے ستّر مرتبہ کرو۔ ہم نے ستّر مرتبہ کیا۔ فرمایا: جو بندہ اور بندی ایک دن میں ستّرمرتبہ اللہ سے اِستغفار کرے گا اللہ اس کے