حیاۃ الصحابہ اردو جلد 3 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
اگر بارش ہوجاتی تو فرماتے: اَللّٰھُمَّ صَیِّبًا ھَنِیْئًا۔ اے اﷲ! اسے بہت برسنے والا لیکن با برکت اور نفع بخش بنادے۔2 حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں: حضورﷺ جب آسمان کے کسی کنارے پر گہرے بادل دیکھتے تو جس کام میں بھی ہوتے اسے چھوڑدیتے چاہے وہ نماز ہی کیوں نہ ہو اور اس بادل کی طرف متوجہ ہو جاتے اور فرماتے: اَللّٰھُمَّ إِنَّا نَعُوْذُ بِکَ مِنْ شَرِّ مَا أُرْسِلَ بِہٖ۔ اے اﷲ! ہم اس چیز کے شر سے تیری پناہ چاہتے ہیں جسے دے کر ا س بادل کو بھیجا گیا ہے۔ پھر اگر بارش ہو جاتی تو دو تین دفعہ فرماتے: صَیِّبًا نَافِعًا اسے بہت برسنے والا نفع دینے والا بنادے۔ اگر اﷲ تعالیٰ اس بادل کو ہٹادیتے اور بارش نہ ہوتی تو اس پر اﷲتعالیٰ کی حمد وثنا بیان کرتے۔3 حضرت سَلَمہ بن اَکوعؓ فرماتے ہیں: جب ہوا تیز چلتی تو حضورﷺ فرمایا کرتے: اَللّٰھُمََّّ لَقْحًا لَا عَقِیْمًا۔ اے اﷲ!اسے ایسی ہوا بنا جس سے درختوں پر خوب پھل لگیں اور اسے بانجھ نہ بنا (جس سے کوئی فائدہ نہ ہو)۔1حضور ﷺ کی وہ دعائیں جن کا وقت مقرر نہیں تھا حضرت ابنِ مسعودؓ فرماتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ یہ دعا مانگا کرتے تھے: اَللّٰھُمَّ إِنِّيْ أَسْأَلُکَ الْھُدٰی وَالتُّقٰی وَالْعَفَافَ وَالْغِنٰی۔ اے اﷲ!میں تجھ سے ہدایت، تقویٰ،پاک دامنی اور دل کا غنا مانگتا ہوں۔2 حضرت ابو موسیٰ اَشعریؓفرماتے ہیں: نبی کریم ﷺ یہ دعا مانگا کرتے تھے: اَللّٰھُمَّ اغْفِرْ لِيْ خَطِیْئَتِيْ وَجَھْلِيْ وَإِسْرَافِيْ فِيْ أَمْرِيْ وَمَا أَنْتَ أَعْلَمُ بِہٖ مِنِّيْ۔ اَللّٰھُمَّ اغْفِرْ لِيْ جِدِّيْ وَھَزْلِيْ وَخَطَئِيْ وَعَمَدِيْ وَکُلُّ ذٰلِکَ عِنْدِيْ۔ اَللّٰھُمَّ اغْفِرْ لِيْ مَا قَدَّمْتُ وَمَا أَخَّرْتُ وَمَا أَسْرَرْتُ وَمَا أَعْلَنْتُ وَمَا أَنْتَ أَعْلَمُ بِہٖ مِنِّيْ، أَنْتَ الْمُقَدِّمُ وَأَنْتَ الْمُؤَخِّرُ وَأَنْتَ عَلٰی کُلِّ شَيْئٍ قَدِیْرٌ۔ اے اﷲ! میری خطا اور میرے نادانی والے کام اور کاموں میںمیرا حد سے بڑھ جانا اور وہ گناہ جنھیں تو مجھ سے زیادہ جانتا ہے سب معاف فرما، اور میرے وہ گناہ جو سچ مچ ارادہ سے سر زد ہوئے یا ہنسی مذاق میں ہوگئے یا غلطی سے ہوگئے یا جان بوجھ کر قصداًکیے وہ سب معاف فرما، اور یہ سب طرح کے گناہ میرے پاس ہیں۔ اے اللہ! میرے اگلے پچھلے تمام گناہ معاف فرما، اور جو گناہ چھپ کر کیے اور جو علی الاعلان کیے وہ بھی معاف فرما، اور جن گناہوں کو تو مجھ سے زیادہ جانتا ہے وہ بھی معاف فرما، تو ہی آگے کرنے والا اور پیچھے کرنے والا ہے اور تو ہر چیز پر قدرت رکھنے والا ہے۔ 3