حیاۃ الصحابہ اردو جلد 3 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
جو بھی علم اور ایمان حاصل کرنا چاہے گا اﷲتعالیٰ اسے ضرور عطافرمائیں گے حضرت عبدا ﷲ بن سلمہ کہتے ہیں کہ ایک آدمی حضرت معاذؓکے پاس آیا اور رونے لگا۔ حضرت معاذ ؓ نے فرمایا:کیوں روتے ہو؟ اس آدمی نے کہا:نہ تو میں اس وجہ سے روتا ہوں کہ میرے اور آپ کے درمیان کوئی رشتہ داری ہے، اور نہ اس وجہ سے روتا ہوں کہ مجھے آپ سے کچھ دنیا ملا کرتی تھی (جو آپ کے انتقال کے بعد مجھے نہیں ملے گی)، بلکہ اس وجہ سے روتا ہوں کہ میں آپ سے علم حاصل کیا کرتا تھا اور اب مجھے ڈر ہے کہ یہ علم حاصل کرنے کا سلسلہ ختم ہوجائے گا۔ حضرت معاذ ؓ نے فرمایا: مت رو، کیوںکہ جو بھی علم اور ایمان حاصل کرنا چاہے گا اﷲ تعالیٰ اسے ضرور عطا فرمائے گا، جیسے کہ حضرت ابراہیم ؑ کو عطا فرمایا تھا حالاںکہ اس وقت علم اور ایمان نہ تھا۔3 حضرت یزید بن عَمِیرہ کہتے ہیں کہ جب حضرت معاذ ؓ کی وفات کا وقت قریب آیا تو ان کے اردگرد بیٹھے ہوئے لوگ رونے لگے۔ حضرت معاذ نے فرمایا: کیوں روتے ہو؟ انھوں نے کہا: ہم اس علم کی وجہ سے روتے ہیں جس کے حاصل کرنے کا سلسلہ آپ کے انتقال پر ٹوٹ جائے گا۔ حضرت معاذ ؓنے فرمایا: نہیں، علم و ایمان قیامت تک اپنی جگہ رہیں گے جو اِن دونوں کو تلاش کرے گا وہ انھیں قرآن و سنتِ رسولﷺ میں ضرور پالے گا (چوںکہ قرآن مجید معیار ہے، اس لیے) ہر کلام کو قرآن پر پیش کرو اور قرآن کو کسی کلام پر پیش مت کرو۔ حضرت عمر، حضرت عثمان اور حضرت علی ؓ سے علم حاصل کرو۔ اگر یہ حضرات نہ ملیں تو پھر اِن چار سے حاصل کرو: حضرت عُوَیمر (ابوالدرداء)، حضرت ابنِ مسعود، حضرت سلمان اور حضرت ابنِ سلامؓ۔ یہ ابنِ سلام وہی ہیں جو یہودی تھے پھر مسلمان ہوگئے تھے، کیوںکہ میں نے حضورﷺ سے سنا ہے کہ یہ جنت میں بلا حساب جانے والے دس آدمیوں میں سے ہیں۔ اور عالم کی لغزش سے بچو، اور جو بھی حق بات لے کر آئے اسے قبول کرلو اور جو غلط بات لے کر آئے اسے قبول نہ کرو چاہے وہ کوئی بھی ہو۔1 حضرت یزید بن عَمِیرہ کہتے ہیں: جب حضرت معاذ بن جبل ؓ کا مرض الوفات شروع ہوا تو کبھی وہ بے ہوش ہوجاتے تھے کبھی افاقہ ہوجاتا تھا۔ایک دفعہ تو ایسی بے ہوشی طاری ہوئی کہ ہم سمجھے کہ ان کا انتقال ہوگیاہے۔ پھر انھیں افاقہ ہوا تو میں ان کے سامنے بیٹھا ہوا رورہا تھا۔ انھوں نے فرمایا:کیوں رو رہے ہو؟ میں نے کہا: میں نہ تو اس وجہ سے رورہا ہوں کہ مجھے آپ سے کوئی دنیا ملاکرتی تھی جو اَب مجھے نہیں ملاکرے گی اور نہ اس وجہ سے رو رہا ہوں کہ میرے اور آپ کے درمیان کوئی رشتہ داری ہے۔ بلکہ اس وجہ سے رورہا ہوں کہ آپ سے علم کی باتیں اور صحیح فیصلے سنا کرتا تھا وہ سب اب جاتا رہے گا۔ حضرت معاذؓ نے فرمایا: مت رو، کیوںکہ علم اور ایمان اپنی جگہ رہیں گے، جو انھیں تلاش کرے گا وہ انھیں ضرور پالے گا۔ لہٰذا علم کو وہاں تلاش کرو جہاں حضرت ابراہیم ؑ نے