حیاۃ الصحابہ اردو جلد 3 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
فرمایا: اے فاطمہ! اور قریب آجائو۔ وہ اور قریب آگئیں۔ حضورﷺ نے فرمایا: اے فاطمہ! اور قریب ہو جائو۔ وہ بالکل قریب ہوکر سامنے کھڑی ہوگئیں۔ میں نے دیکھا کہ ان کے چہرے پر بھوک اور کمزوری کی وجہ سے زردی چھائی ہوئی ہے اور خون کا نام ونشان نہیں ہے (اس وقت تک عورتوں کے لیے پردہ کا حکم نہیں آیاتھا)۔ حضور ﷺ نے اپنی انگلیاں پھیلا کر ہاتھ ان کے سینے پر رکھا اور سر اٹھا کر یہ دعا کی: اے اللہ! اے بھوکوں کا پیٹ بھرنے والے! اے حاجتوں کو پورا کرنے والے! اور اے گرے پڑے لوگوں کو اونچا کرنے والے! محمد کی بیٹی فاطمہ کو بھوکا مت رکھ۔ میں نے دیکھا کہ حضرت فاطمہؓکے چہرے سے وہ زردی چلی گئی اور خون کی سرخی آگئی۔ پھر میں نے اس کے بعد حضرت فاطمہؓسے پوچھا، انھوں نے کہا: اے عمران! اس کے بعد مجھے کبھی بھوک نہیں لگی۔ 1بڑھاپے کے اثر کا چلے جانا حضرت ابوزید انصاری ؓ فرماتے ہیں: حضورﷺ نے مجھ سے فرمایا: میرے قریب آجائو۔ آپ نے میرے سر پر ہاتھ پھیرا اور یہ دعافرمائی: اے اللہ! اسے خوب صورت بنادے اور پھر اس کی خوب صورتی ہمیشہ باقی رکھ۔ راوی کہتے ہیں: حضرت ابوزید ؓ کی عمر سوسال سے زیادہ ہوگئی تھی اور ان کی ڈاڑھی میں تھوڑے سے سفید بال تھے اور ان کا چہرہ کِھلا رہتاتھا اور موت تک ان کے چہرے پر جھریاں نہیں پڑی تھیں۔ 2 امام احمد کی ایک روایت میں یہ ہے کہ حضرت ابونہیک کہتے ہیں: مجھ سے حضرت ابوزید ؓ نے بیان کیا کہ مجھ سے حضورﷺ نے پانی طلب فرمایا۔ میں ایک پیالے میں پانی لے کر حضورﷺ کی خدمت میں گیا۔ اس میں ایک بال تھا وہ میں نے پکڑ کر نکال دیا۔ اس پر حضورﷺ نے دعادی: اے اللہ! اسے خوب صورت بنادے۔ حضرت ابونہیک کہتے ہیں: میں نے حضرت ابو زید ؓ کو دیکھا کہ ان کی عمر چورانوے سال ہوچکی تھی اور ان کی ڈاڑھی میں ایک بھی سفید بال نہیں تھا۔ 1 ابونُعَیم کی روایت میں یہ ہے کہ حضرت ابونہیک کہتے ہیں: میں نے انھیں دیکھا کہ ان کی عمر ترانوے سال ہوچکی تھی اور ان کے سر اور ڈاڑھی میں ایک بھی سفید بال نہیں تھا۔ حضرت ابوالعلاء کہتے ہیں: حضرت قتادہ بن مِلحان ؓ کا جس جگہ انتقال ہوا میں اس جگہ ان کے پاس تھا۔ گھر کے پچھلے حصے میں ایک آدمی گزرا اس کا عکس مجھے حضرت قتادہ کے چہرے میں نظر آیا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ ایک مرتبہ حضورﷺ نے ان کے چہرے پر ہاتھ پھیراتھا (اس کی برکت سے ہر وقت ایسے لگتا تھا کہ ان کے چہرے پر تیل لگا ہوا ہے)۔ اس سے پہلے جب بھی میں نے حضرت قتادہ ؓ کو دیکھاتو ایسے لگتاتھا کہ ان کے چہرے پر تیل لگاہواہے۔ 2 حضرت حَیَّان بن عمیر کہتے ہیں: ایک مرتبہ نبی کریم ﷺ نے حضرت قتادہ بن مِلحانؓ کے چہرے پر اپنا ہاتھ پھیرا۔ اس کا اثر یہ ہوا کہ جب وہ بہت بوڑھے ہوگئے تھے اور ان کے جسم کے ہر حصے پر بڑھاپے کے آثار ظاہر ہوگئے تھے تو چہرے پر کوئی اثر نہیں تھا۔