حیاۃ الصحابہ اردو جلد 3 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
کھلائے یا صاف ستھرے کپڑے پہنے؟ آپ نے فرمایا: نہیں، یہ دونوں باتیں تکبر میں سے نہیں ہیں۔ تکبر تو یہ ہے کہ تم مخلوق کو بے وقوف بنائو اور دوسرے لوگوں کو حقیر سمجھو۔1 ایک روایت میں یہ ہے کہ اگر تمام آسمان اور زمینیں اور جو کچھ ان میں ہے یہ سب ایک حلقہ بن جائے ،اور ان پر لَا إِلٰـہَ إِلَّا اللّٰہُ رکھ دیاجائے، تو یہ کلمہ ان سب کو توڑدے گا۔ حضرت یعلیٰ بن شدّاد کہتے ہیں: میرے والد حضرت شدّاد بن اَوسؓ نے جب مجھے یہ واقعہ بیان کیا اس وقت حضرت عُبادہ بن صامت ؓ وہاں موجود تھے اور وہ میرے والد کی تصدیق کررہے تھے۔ میرے والد نے مجھے بتایا کہ ایک دن ہم لوگ نبی کریم ﷺ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے آپ نے فرمایا: کیا تم میں کوئی اجنبی آدمی اہلِ کتاب میں سے ہے؟ ہم نے عرض کیا: کوئی نہیں۔ ارشاد فرمایا: کواڑ بند کردو۔ اس کے بعد فرمایا:ہاتھ اٹھائو اور کہو لَا إِلٰـہَ إِلَّا اللّٰہُ۔ ہم نے تھوڑی دیر ہاتھ اٹھائے رکھے (اور کلمۂ طیبہ پڑھا)۔ پھر فرمایا: اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ، اے اللہ! تُو نے مجھے یہ کلمہ دے کر بھیجا ہے اور اس کے پڑھنے کا تونے مجھے حکم دیاہے اور اس پر تو نے مجھ سے جنت کا وعدہ کیاہے اور تو وعدہ کے خلاف نہیں کرتا۔ پھر فرمایا کہ خوش ہوجائو! اللہ نے تمہاری مغفرت فرمادی۔2 حضرت ابوذر ؓ فرماتے ہیں: میں نے عرض کیا:یا رسول اللہ! مجھے کچھ وصیت فرمادیں۔ ارشاد فرمایا: جب تم سے کوئی برائی سرزدہوجائے تو اس کے بعد فوراً کوئی نیکی کا کام کرو، اس سے وہ برائی مٹ جائے گی۔ میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! کیا لَا إِلٰـہَ إِلَّا اللّٰہُ بھی نیکیوں میں سے ہے؟ آپ نے فرمایا: یہ تو تمام نیکیوں سے اَفضل ہے۔1 حضرت عمر بن خطاب ؓ نے دیکھا کہ لوگ لَا إِلٰـہَ إِلَّا اللّٰہُ اور اللّٰہُ أَکْبَرُ کہہ رہے ہیں تو آپ نے فرمایا: ربِّ کعبہ کی قسم! یہی ہے۔ لوگوں نے پوچھا: یہی کیا ہے؟ آپ نے فرمایا: یہی تقویٰ والا کلمہ ہے۔ مسلمان ہی اس کے زیادہ مستحق ہیں اور اس کے اہل ہیں۔2 اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایاہے: {وَاَلْزَمَھُمْ کَلِمَۃَ التَّقْوٰی}3 اور اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو تقویٰ کی بات پر جمائے رکھا۔ اس کے بارے میں حضرت علی ؓ نے فرمایا: یہ تقویٰ والی بات لَا إِلٰـہَ إِلَّا اللّٰہُ ہے۔ ابنِ جریر وغیرہ میں اس کے بعد اللّٰہُ أَکْبَرُ بھی ہے۔4سُبْحَانَ اللّٰہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَا إِلٰـہَ إِلَّا اللّٰہُ وَاللّٰہُ أَکْبَرُ وَلَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ إِلَّا بِاللّٰہِ کے اَذکار حضرت ابوسعید خُدری ؓ فرماتے ہیں: حضورﷺ نے فرمایا: باقیاتِ صالحات کثرت سے پڑھاکرو۔ صحابہ ؓ نے پوچھا: باقیاتِ صالحات کیا چیزیں ہیں؟ آپ نے فرمایا: اَللّٰہُ أَکْبَرُ وَلَا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ وَسُبْحَانَ اللّٰہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ إِلَّا بِاللّٰہِ کہنا۔5