حیاۃ الصحابہ اردو جلد 3 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
اے اللہ! ان کے دلوں کو اپنی اطاعت کی طرف متوجہ فرما اور ان کے پیچھے سے اپنی رحمت سے ان کی حفاظت فرما۔3 حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں : ایک دن میں نے دیکھا کہ حضورﷺ بہت خوش ہیں۔ میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! میرے لیے اللہ سے دعا فرمادیں۔ آپ نے یہ دعا فرمائی: اے اللہ! عائشہ کے اگلے پچھلے تمام گناہ معاف فرما، اور جو اس نے چھپ کر کیے اور علی الا علان کیے وہ بھی سب معاف فرما۔ اس دعا سے خوش ہوکر میں خوشی کے مارے لوٹ پوٹ ہوگئی، جس سے میرا سر میری گود میں چلاگیا۔ حضورﷺ نے فرمایا: کیا تمھیں میری دعا سے بہت خوشی ہورہی ہے؟ میں نے کہا: مجھے آپ کی دعا سے خوشی کیوں نہ ہو؟ آپ نے فرمایا: اللہ کی قسم! یہ دعا تو میں اپنی اُمّت کے لیے ہر نماز میں مانگتاہوں۔1نبی کریم ﷺ کی خُلَفائے اَربعہ کے لیے دعائیں حضرت انس ؓ فرماتے ہیں: حضورﷺ نے یہ دعا مانگی ـ:اے اللہ! ابوبکر کو قیامت کے دن میرے ساتھ میرے درجہ میں رکھنا۔2 حضرت عمر اور حضرت خباب ؓ فرماتے ہیں کہ حضورﷺ نے یہ دعا مانگی:ـاے اللہ! عمر بن خطاب اور ابوجہل بن ہشام میں سے جو تجھے زیادہ محبوب ہے اس کے ذریعہ اسلام کو عزت عطا فرما۔3 حضرت عائشہؓفرماتی ہیں: حضورﷺ نے یہ دعا مانگی:اے اللہ! اسلام کو خاص طور سے عمر بن خطّاب کے ذریعہ عزت عطافرما۔4 حضرت ابنِ مسعود ؓ فرماتے ہیں: حضورﷺ نے یہ دعا مانگی:اے اللہ! اسلام کو عمر کے ذریعے قوت عطا فرما۔5 حضرت زید بن اَسلم ؓ فرماتے ہیں: حضرت عثمان ؓ نے ایک بھورے رنگ کی اونٹنی حضورﷺ کی خدمت میں بھیجی۔ حضورﷺ نے ان کے لیے یہ دعا فرمائی:اے اللہ! انھیں پلِ صراط(آسانی سے اور جلدی سے) پار کرادینا۔6 حضرت عائشہ اور حضرت ابو سعید ؓ فرماتے ہیں: حضورﷺ نے یہ دعا تین مرتبہ فرمائی: اے اللہ! میں عثمان سے راضی ہوں تو بھی ان سے راضی ہوجا۔1 حضرت ابنِ مسعود ؓ فرماتے ہیں: حضورﷺ نے یہ دعا فرمائی: اے اللہ! عثمان کے اَگلے پچھلے گناہ، اور جو گناہ چھپ کر کیے اور جو علی الا علان کیے، اور جو پوشیدہ طور سے کیے اور جو سب کے سامنے کیے سارے معاف فرما۔2 حضرت علی ؓ فرماتے ہیں: ایک دفعہ میں بیمار ہوا۔ میں نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا، آپ نے مجھے اپنی جگہ بٹھایا اور خود کھڑے ہوکر نماز شروع فرمادی اور اپنے کپڑے کا ایک کنارہ مجھ پر ڈال دیا۔ پھر نماز کے بعد فرمایا: اے ابنِ ابی طالب! اب تم ٹھیک ہوگئے ہو کوئی فکر نہ کرو، میں نے جو چیز اللہ سے اپنے لیے مانگی اس جیسی میں نے اللہ سے تمہارے لیے بھی مانگی۔ اور میں نے جو چیز بھی اللہ سے مانگی وہ اللہ نے مجھے ضرور دی، بس اتنی بات ہے کہ مجھ سے یوں کہا گیا کہ آپ کے بعد کوئی نبی نہیں ہوگا۔ چناںچہ میں وہاں سے اٹھا تو میں بالکل ٹھیک ہوچکاتھا اور ایسے لگ رہاتھا کہ جیسے میں بیمار ہی نہیں ہوا تھا۔3