حیاۃ الصحابہ اردو جلد 3 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
ابنِ سعد کی دوسری روایت میں یہ ہے: حضرت ابو ہریرہ ؓ فرماتے ہیں کہ جب حضور ﷺ نے فجر کے رکوع سے سر اٹھایا تو یہ دعا فرمائی: اے اﷲ! ولید بن ولید، سَلَمہ بن ہِشام، عیّاش بن ابی ربیعہ اور مکہ کے تمام کمزور مسلمانوں کو (کافروں سے) نجات نصیب فرما۔ اے اﷲ! قبیلۂ مُضَر کی سخت پکڑ فرما اور انھیں قحط سالی میں ایسے مبتلا فرما جیسے تو نے حضرت یوسف ؑ کے زمانہ میں سات سال کا قحط بھیجا تھا۔حضورﷺ کی نماز کے بعد کی دعائیں حضرت معاذ بن جبلؓفرماتے ہیں کہ حضورﷺ نے میرا ہاتھ پکڑ کر فرمایا:اے معاذ! اﷲ کی قسم! میں تم سے محبت کرتا ہوں۔ میں نے عر ض کیا:یا رسول اﷲ!میرے ماں باپ آپ پرقربان ہوں! اﷲ کی قسم!مجھے بھی آپ سے محبت ہے۔ حضورﷺ نے فرمایا:اے معاذ! میں تمھیں یہ وصیت کرتا ہوں کہ تم نماز کے بعد یہ دعا کبھی نہ چھوڑنا ہمیشہ مانگنا: اَللّٰھُمَّ أَعِنِّيْ عَلٰی ذِکْرِکَ وَشُکْرِکَ وَحُسْنِ عِبَادَتِکَ۔ اے اﷲ!اپنے ذکر میں،اپنے شکر ادا کرنے میں اور اپنی اچھی طرح عبادت کرنے میں میری مدد فرما۔ راوی کہتے ہیں: حضرت معاذؓنے اپنے شاگرد صُنابحی کو اور صُنابحی نے عبدالرحمن کو اور عبدالرحمن نے عُقبہ بن مسلم کو اس دعا کی وصیت فرمائی۔1 حضرت عون بن عبداﷲ بن عتبہ کہتے ہیں: ایک آدمی نے حضرت عبداﷲ بن عمرو بن عاصؓ کے پہلو میں نماز پڑھی۔ اس نے سنا کہ حضرت عبداﷲؓسلام کے بعد یہ دعا پڑھ رہے ہیں: اَللّٰھُمَّ أَنْتَ السَّلَامُ وَمِنْکَ السَّلاَمُ تَبَارَکْتَ یَا ذَا الْجَلَالِ وَالإِکْرَامِ۔ اے اﷲ! تو ہی سلامتی دینے والا ہے، تیری ہی جانب سے سلامتی نصیب ہوتی ہے، تو بہت برکت والا ہے اے عظمت و جلال والے! اور اِکرام و اِحسان والے! پھر اس آدمی نے حضرت عبداﷲ بن عمرؓکے پہلو میں نماز پڑھی تو اس نے انھیں بھی سلام کے بعد یہی دعا پڑھتے ہوئے سنا تو وہ ہنس پڑا۔ حضرت ابنِ عمر نے اس سے پوچھا: میاں! کیوں ہنس رہے ہوں؟ اس نے کہا:میں نے حضرت عبداﷲ بن عمرو کے پہلو میں نماز پڑھی تھی تو اُن کو بھی یہ دعا پڑھتے ہوئے سنا تھا۔حضرت ابنِ عمرؓنے فرمایا: خود حضور ﷺ بھی یہ دعا پڑھتے تھے۔1 حضرت انس بن مالک ؓ فرماتے ہیں: نبی کریمﷺ جب نماز سے فارغ ہوتے تو دایاں ہاتھ اپنے سر پر پھیرتے اور فرماتے: بِسْمِ اللّٰہِ الَّذِيْ لَا إِلٰہَ إِلاَّ ھُوَ الرَّحْمٰنُ الرَّحِیْمُ، اَللّٰھُمَّ أَذْھِبْ عَنِّيَ الْھَمَّ وَالْحُزْنَ۔ اﷲ کے نام سے (شروع کرتا ہوں) جس کے سوا اور کوئی معبود نہیں، وہ بڑا مہربان اور بہت رحم کرنے والا ہے۔ اے اﷲ! تو ہر فکر اور پریشانی مجھ سے دور فرمادے۔