حیاۃ الصحابہ اردو جلد 3 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
فرماںبرداروں کو لے کر نافرمانوں سے جنگ کریں۔ اور جنتی لوگ تین قسم کے ہوتے ہیں: ایک عادل بادشاہ جسے اﷲ کی طرف سے نیک اعمال کی خوب توفیق ملی ہو اور وہ خوب صدقہ کرنے والا ہو۔ دوسرے وہ آدمی جو رحم کرنے والا اور ہر رشتہ دار بلکہ ہر مسلمان کے بارے میں نرم دل ہو۔ تیسرے وہ آدمی جو پاک دامن، فقیر، عیال دار اور (فقیری کے باوجود دوسروں پر)صدقہ کرنے والا ہو۔ دوزخی لوگ پانچ قسم کے ہوتے ہیں: ایک وہ کمزور آدمی جس میں عقل بالکل نہ ہو، ہر ایک کے پیچھے لگ جاتا ہو۔ دوسرے وہ لوگ جو تم لوگوں میں دوسروں کے پیچھے چلنے والے اور ہاں میں ہاں ملانے والے ہیں اور (بدکاری میں مبتلا رہنے کی وجہ سے) ان میں نہ اہل وعیال کی طلب ہے اور نہ مال کی۔ تیسرے وہ خیانت کرنے والا جس میں لالچ اتنی زیادہ ہو کہ وہ چھپ نہ سکے اور وہ چھوٹی چھوٹی چیزوں میں بھی خیانت کرے۔ چوتھے وہ آدمی جس کا صبح شام ہر وقت یہی کام ہے کہ وہ تمھیں، تمہارے اہل وعیال اور مال ودولت کے بارے میں دھوکہ دیتا رہے۔ اور پانچویں آدمی کی خرابیوں میں آپ نے کنجوسی، جھوٹ، بداخلاقی اور بد گوئی کا ذکر کیا۔1 حضرت ابو سعید خدریؓفرماتے ہیں: ایک دن حضورﷺ نے عصر کی نماز پڑھائی اور قیامت قائم ہونے تک پیش آنے والی ہر اہم دینی چیز کو ہمارے سامنے ذکر کر دیا۔ جس نے ان تمام چیزوں کو یاد رکھنے کی کوشش کی اسے تو یاد رہیں اور جس نے انھیں بھلا دیا اسے بھول گئیں۔ اس بیان میں آپ نے یہ بھی ارشاد فرمایا: امابعد! دنیا سر سبز اور میٹھی ہے۔ بڑی مزیدار اور اچھی لگتی ہے۔ بہت خوشنما نظر آتی ہے۔ اﷲ تعالیٰ تمھیں اپنا خلیفہ بنا کر اور دنیا دے کر دیکھنا چاہتے ہیں کہ تم کیسے عمل کرتے ہو، اچھے یا برے؟ (یعنی دنیا کے اصل مالک تو اﷲ تعالیٰ ہیں اور تم لوگوں کو اپنا نمائندہ بنایا ہے) اس لیے دنیا کے فتنے سے بچو (بقدرِ ضرورت حاصل کرو اور ضرورت سے زیادہ آجائے تو اسے دوسروں پر خرچ کر دو)۔ اور عورتوں کے فتنے سے بچو (ان کی باتوں میں آکر یا ان کی محبت سے مغلوب ہو کر اﷲ کے کسی حکم کی خلاف ورزی نہ کر و)، بنی اسرائیل میں سب سے پہلا فتنہ عورتوں کے ذریعے پیش آیا تھا۔ غور سے سنو! آدم کی اولاد کو مختلف قسم کا بنا کر پیدا کیا گیا ہے۔ کچھ تو ایسے ہیں جو مؤمن پیدا ہوتے ہیں، مؤمن بن کر ساری زندگی گزارتے ہیں اور مؤمن ہونے کی حالت میں مرتے ہیں۔ اور کچھ ایسے ہیں جو کافر پیدا ہوتے ہیں، کافر بن کر زندگی گزارتے ہیں اور کافر ہونے کی حالت میں مرتے ہیں۔ اور کچھ ایسے ہیںجو مؤمن پیدا ہوتے ہیں اور مؤمن بن کر زندگی گزارتے ہیں، لیکن کافر بن کر مرتے ہیں۔ اور کچھ ایسے ہیں جو کافر پیدا ہوتے ہیں اور کافر بن کر زندگی گزارتے ہیں، لیکن مؤمن بن کر مرتے ہیں۔ توجہ سے سنو! غصہ ایک انگارہ ہے جو ابنِ آدم کے پیٹ میں دہکتا رہتا ہے۔ کیا تم دیکھتے نہیں کہ غصہ میں انسان کی آنکھیں سرخ ہو جاتی ہیں اور اس کے گلے کی رگیں پھول جاتی ہیں؟ لہٰذا جب تم میں سے کسی کو غصہ آئے تو اسے زمین سے چمٹ جانا چاہیے (کھڑا ہو تو بیٹھ جائے، بیٹھا ہو تو لیٹ جائے، زمین کی طرح عاجز اور مسکین بن جائے)۔ غور سے سنو!بہترین مرد وہ ہے جسے غصہ دیر سے آئے اور جلدی چلا جائے۔ اور سب سے برا مرد وہ ہے جسے غصہ جلدی آئے اور دیر سے جائے، اور جسے غصہ دیر سے آئے اور دیر سے جائے، اور جسے غصہ جلدی آئے اور جلدی جائے تو اس کا معاملہ برابر ہوگیا، اس میں ایک اچھی صفت ہے اور ایک بری۔ غور سے سنو! سب سے بہترین تاجر وہ ہے جو عمدہ طریقہ سے دے اور عمدہ طریقہ سے مطالبہ کرے۔ اور سب سے برا تاجر وہ ہے جو ادا کرنے میں بھی برا ہو اور مطالبہ کرنے میں بھی برا ہو۔ اور جو ادا کرنے میں اچھا ہو لیکن مطالبہ کرنے میں برا ہو، یا ادا کرنے میں برا ہو اور مطالبہ کرنے میں اچھا ہو تو اس