حیاۃ الصحابہ اردو جلد 3 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
حضرت اُمِ الدرداءؓ فرماتی ہیں: حضرت فضالہ بن عُبیدؓ یہ دعا کیا کرتے تھے: اَللّٰھُمَّ إِنِّيْ أَسْأَلُکَ الرِّضَا بِالْقَضَائِ وَالْقَدْرِ، وَبَرْدَ الْعَیْشِ بَعْدَ الْمَوْتِ، وَلَذَّۃَ النَّظْرِ إِلٰی وَجْھِکَ، وَالشَّوْقَ إِلٰی لِقَائِکَ فِيْ غَیْرِ ضَرَّائَ مُضِرَّۃٍ، وَلَا فِتْنَۃٍ مُضِلَّۃٍ۔ اے اﷲ! میں تجھ سے اس بات کا سوال کرتا ہوں کہ میں تیری ہر تقدیر اور فیصلے پر راضی رہا کروں، اور موت کے بعد مجھے عمدہ زندگی نصیب ہو، اور تیرے دیدارکی لذت حاصل ہو، اور مجھے تیری ملاقات کا شوق نصیب ہو،اورتکلیف دہ مصیبت اور گمرا ہ کن فتنہ سے میری حفاظت ہو۔ حضرت فضالہ ؓ کہتے تھے کہ حضورﷺ یہ تمام دعائیںمانگا کرتے تھے۔1 حضرت مَقْبُری ؓ کہتے ہیں: مروان حضرت ابو ہریرہ ؓ کے مرض الوفات میں ان کے پاس گیا اور اس نے کہا: اے ابو ہریرہ! اﷲآپ کو شِفا عطا فرمائے۔ انھوں نے فرمایا: اَللّٰھُمَّ إِنِّيْ أُحِبُّ لِقَائَ کَ فَأَحِبَّ لِقَائِيْ۔ اے اﷲ! میں تیری ملاقات کو محبوب رکھتا ہوں تو میرے سے ملاقات کو محبوب بنالے۔ چناںچہ وہاں سے چل کر مروان ابھی اَصحاب القطا مقام تک نہیں پہنچا تھا کہ پیچھے حضرت ابو ہریرہ ؓ کا انتقال ہوگیا۔2 حضرت عبداﷲ بن ہشام کہتے ہیں: حضورﷺ کے صحابہؓ سال یا مہینہ کے شروع ہونے پر یہ دعا پڑھا کرتے تھے: اَللّٰھُمَّ أَدْخِلْہٗ عَلَیْنَا بِالْأَمْنِ وَالإِیْمَانِ، وَالسَّلَامَۃِ وَالإِسْلاَمِ، وَرِضْوَانٍ مِّنَ الرَّحْمٰنِ، وَجَوَارٍ مِّنَ الشَّیْطَانِ۔ اے اﷲ! اس سال اورمہینے کو امن،ایمان،سلامتی،اسلام،رحمن کی رضا اور شیطان سے پناہ کے ساتھ ہم پر داخل فرما۔3 حضرت ابو اُمامہ بن سَہل کہتے ہیں: میں نے حضرت ابو ہریرہ ؓ سے پوچھا: صحابہ ؓ جب کسی بستی کے پاس پہنچتے یا اس میں داخل ہوتے تو یہ دعا پڑھتے : اَللّٰھُمَّ اجْعَلْ لَّنَا فِیْھَا رِزْقًا۔ اے اﷲ! اس بستی میں ہمارے لیے رزق مقدّر فرما۔ وہ یہ دعا کس ڈر سے پڑھا کر تے تھے؟ حضرت ابوہریرہ ؓ نے فر مایا: بستی کے والی کے ظلم کا اور بارش نہ ہونے کا ڈر ہو تا تھا۔ 1 حضرت ثا بت کہتے ہیں: حضرت انس ؓ جب اپنے بھائی کے لیے دعا کرتے تو یہ کہتے:اﷲ اس پر ان نیک لوگوں والی رحمتیں نا زل فر ماجو ظالم اور بد کار نہیں، جو رات بھر عبادت کرتے ہیں اور دن کو روزہ رکھتے ہیں۔2 حضرت عبداﷲ بن زبیر ؓ جب بادل گر جنے کی آواز سنتے تو با ت کرنا چھوڑدیتے اور یہ دعا پڑھتے: سُبْحَاَن الَّذِيْ یُسَبِّحُ الرُّعْدُ بِحَمْدِہٖ وَالْمَلاَئِکَۃُ مِنْ خِیْفَتِہٖ۔ وہ ذات پاک ہے جس کے خوف سے رعد فرشتہ اور دوسرے فرشتے اس کی حمد کے ساتھ پاکی بیان کرتے ہیں۔