حیاۃ الصحابہ اردو جلد 3 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
حضورﷺ نے فرمایا: اے عائشہ! تمہارے لیے مناسب نہیں کہ میں تمھیں سکھائوں، کیوںکہ تمہارے لیے مناسب نہیں کہ تم اس کے ذریعہ دنیا کی کوئی چیز مانگو۔ میں وہاں سے اٹھی اور وضو کرکے دورکعت نماز پڑھی پھر یہ دعامانگی: اَللّٰھُمَّ إِنِّيْ أَدْعُوْکَ اللّٰہَ، وَأَدْعُوْکَ الرَّحْمٰنَ، وَأَدْعُوْکَ الْبَرَّ الرَّحِیْمَ، وَاَدْعُوْکَ بِأَسْمَائِکَ الْحُسْنٰی کُلِّھَا مَا عَلِمْتُ مِنْھَا وَمَا لَمْ أَعْلَمْ أَنْ تَغْفِرَ لِيْ وَتَرْحَمَنِيْ۔ اے اللہ! میں تجھے اللہ کہہ کرپکارتی ہوں، تجھے رحمٰن کہہ کر پکارتی ہوں، تجھے نیکوکار رحیم کہہ کر پکارتی ہوں، اور تجھے تیرے اُن تمام اچھے ناموں سے پکارتی ہوں جن کو میں جانتی ہوں اور جن کو میں نہیں جانتی ہوں، اور یہ سوال کرتی ہوں کہ تو میری مغفرت فرمادے اور مجھ پر رحم فرمادے۔ حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں: حضورﷺ میری یہ دعا سن کر بہت ہنسے اور فرمایا: تم نے جن ناموں سے اللہ کو پکاراہے ان میں وہ خاص نام بھی شامل ہے۔1 حضرت سَلَمہ بن اَکوع اَسلمی ؓ فرماتے ہیں: میں نے حضورﷺ کو کبھی ایسی دعا مانگتے ہوئے نہیں سنا کہ جس کے شروع میں آپ نے یہ الفاظ نہ کہے ہوں: سُبْحَانَ رَبِّيَ الْعَلِيِّ الأَعْلَی الْوَھَّابِ۔ میں اپنے ربّ کی پاکی بیان کرتاہوں جو کہ بلند، بہت بلند اور بہت دینے والا ہے۔2 حضرت انس ؓ فرماتے ہیں: اگر حضورﷺ سو دعائیں بھی مانگتے تو ان کے شروع میں، درمیان میں اور آخر میں یہ دعا ضرور مانگتے: رَبَّنَا اٰتِنَا فِي الدُّنْیَا حَسَنَۃً وَّفِي الْاٰخِرَۃِ حَسَنَۃً وَّقِنَا عَذَابَ النَّارِ۔ اے ہمارے پروردگار! ہم کو دنیا میں بھی بہتری عنایت کیجیے اور آخرت میں بھی بہتری دیجیے اور ہم کو عذابِ دوزخ سے بچائیے۔3 حضرت فَضَالَہ بن عبید ؓ فرماتے ہیں: ایک مرتبہ حضورﷺ تشریف فرماتھے اتنے میں ایک آدمی نے اندر آکر نماز پڑھی اور پھر اس نے یہ دعا مانگی: اَللّٰھُمَّ اغْفِرْ لِيْ وَارْحَمْنِيْ۔ اے اللہ! میری مغفرت فرما اور مجھ پر رحم فرما۔ حضور ﷺ نے فرمایا: اے نمازی! تم نے دعا مانگنے میں جلدی کی۔ جب تم نماز پڑھ کر بیٹھ جائو تو پہلے اللہ کی شایانِ شان تعریف کرو اور مجھ پر درود بھیجو، پھر دعا مانگو۔ پھر ایک اور آدمی نے نماز پڑھی، پھر اس نے اللہ کی حمد وثنا بیان کی اور نبی کریم ﷺ پر درود بھیجا تو حضور ﷺ نے اس سے فرمایا: اے نمازی! اب تم دعاکرو ضرور قبول کی جائے گی۔4 حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی اللہ سے مانگنا چاہے تو اسے چاہیے کہ اللہ تعالیٰ کی شایانِ شان حمد وثنا سے اِبتدا کرے، پھر نبی کریم ﷺ پر درود پڑھے، پھر اللہ سے مانگے، تو اس طرح مقصد میں کامیابی کی زیادہ اُمید ہے۔1