حیاۃ الصحابہ اردو جلد 3 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
مسلم کی روایت میں اس طرح سے ہے: سُبْحَانَ اللّٰہِ عَدَدَ خَلْقِہٖ، سُبْحَانَ اللّٰہِ رِِضَائَ نَفْسِہٖ، سُبْحَانَ اللّٰہِ زنَۃَ عَرْشِہٖ، سُبْحَانَ اللّٰہِ مِدَادَ کَلِمَاتِہٖ۔ نسائی میں اس کے بعد یہ ہے کہ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ بھی اسی طرح چار مرتبہ۔ نسائی کی دوسری روایت میں یہ کلمات اس طرح ہیں: سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ وَلَا إِلٰـہَ إِلَّا اللّٰہُ وَاللّٰہُ أَکْبَرُ عَدَدَ خَلْقِہٖ وَرِضَائَ نَفْسِہٖ وَزِنَۃَ عَرْشِہٖ وَمِدَادَ کَلِمَاتِہٖ۔1 حضرت سعد بن ابی وقاص ؓ فرماتے ہیں کہ وہ حضورﷺ کے ساتھ ایک صحابی عورت کے پاس تشریف لے گئے، اس کے سامنے کھجور کی گٹھلیاں یا کنکریاں رکھی ہوئی تھیں جن پر وہ تسبیح پڑھ رہی تھی۔ حضورﷺ نے فرمایا: میں تجھے ایسی چیز بتائوں جو اس گننے سے آسان ہو؟ یا فرمایا: جو اس سے اَفضل ہو؟ سُبْحَانَ اللّٰہِ عَدَدَ مَا خَلَقَ فِي السَّمَائِ، سُبْحَانَ اللّٰہِ عَدَدَ مَا خَلَقَ فِي الْأَرْضِ، سُبْحَانَ اللّٰہِ عَدَدَ مَا بَیْنَ ذٰلِکَ، سُبْحَانَ اللّٰہِ عَدَدَ مَا ھُوَ خَالِقٌ، وَاللّٰہُ أَکْبَرُ مِثْلَ ذٰلِکَ، وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ مِثْلَ ذٰلِکَ، وَلَا إِلٰـہَ إِلَّا اللّٰہُ مِثْلَ ذٰلِکَ، لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ مِثْلَ ذٰلِکَ۔ اللہ کی تعریف اس مخلوق کے بقدر کرتی ہوں جو اس نے آسمان میں پیدا کی۔ اور اس مخلوق کے بقدر جو اس نے زمین میں پیداکی۔ اور اس مخلوق کے بقدر جو ان دونوں زمین وآسمان کے درمیان ہے، اور اس مخلوق کے بقدر جسے وہ پیداکرنے والاہے۔ اور اس سب کے برابر اَللّٰہُ أَکْبَر،ُ اور اس سب کے برابر اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ اور اس سب کے برابر لَا إِلٰـہَ إِلَّا اللّٰہُ اور اس سب کے برابر لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ إِلَّا بِاللّٰہِ۔2 حضرت ابواُمامہ ؓ فرماتے ہیں: مجھے حضورﷺ نے دیکھا کہ میں اپنے ہونٹوں کو ہلا رہا ہوں۔ آپ نے پوچھا: اے ابواُمامہ! تم ہونٹ ہلاکر کیا پڑھ رہے ہو؟ میں نے کہا: یا رسول اللہ! میں اللہ کا ذکر کررہاہوں۔ حضورﷺ نے فرمایا: کیا میں تمھیں ایسا ذکر نہ بتائوں جو تمہارے دن رات ذکر کرنے سے زیادہ بھی ہے اور اَفضل بھی ہے؟ میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! ضرور بتائیں۔ فرمایا تم یہ کلمات کہاکرو: سُبْحَانَ اللّٰہِ عَدَدَ مَا خَلَقَ، سُبْحَانَ اللّٰہِ مِلْأَ مَا خَلَقَ، سُبْحَانَ اللّٰہِ عَدَدَ مَا فِي الْأَرْضِ، سُبْحَانَ اللّٰہِ مِلْأَ مَا فِي الْأَرْضِ وَالسَّمَائِ، سُبْحَانَ اللّٰہِ عَدَدَ مَا أَحْصٰی کِتَابُہٗ، سُبْحَانَ اللّٰہِ مِلْأَ مَا أَحْصٰی کِتَابُہٗ، سُبْحَانَ اللّٰہِ عَدَدَ کُلِّ شَيْئٍ، سُبْحَانَ اللّٰہِ مِلأَ کُلِّ شَيْئٍ، اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَدَدَ مَا خَلَقَ، وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ مِلْأَ مَا خَلَقَ، وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ عَدَدَ مَا فِي اَلأَرْضِ وَالسَّمَائِ، وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ مِلْأَ مَا فِي الْأَرْضِ وَالسَّمَائِ، وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ عَدَدَ مَا أَحْصٰی کِتَابُہٗ، وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ مِلْأَ مَا أَحْصٰی کِتَابُہٗ، وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ عَدَدَ کُلِّ شَيْئٍ، وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ مِلْأَ کُلِّ شَيْئٍ۔ میں اللہ کی پاکی بیان کرتاہوں مخلوق کی تعداد کے برابر، اللہ کی پاکی مخلوق کے بھر دینے کے بقدر، اللہ کی پاکی ان تمام چیزوں کے برابر جوزمین میں ہیں،اللہ کی پاکی ان تمام چیزوں کے بھر دینے کے بقدر جو زمین وآسمان میں ہیں، اللہ کی پاکی ان تمام چیزوں کی تعداد کے برابر جن کو اس کی کتاب نے شمار کیا، اللہ کی پاکی ان تمام چیزوں کے بھر دینے کے بقدر جن کو اس کی کتاب نے شمار کیا، اللہ کی پاکی ہر چیز کی تعداد کے برابر اور اللہ کی پاکی ہر چیز کو بھر دینے کے بقدر بیان کرتاہوں۔ اسی طرح اللہ کی تعریف بیان کرتاہوں (چاروں چیزوں کے شمار کرنے اور بھر دینے کے برابر)۔1