حیاۃ الصحابہ اردو جلد 3 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
حضرت ابوہریرہ ؓ فرماتے ہیں: حضورﷺ نے فرمایا: تم لوگ اپنی حفاظت کا سامان لے لو۔ صحابہ نے عرض کیا: یا رسول اللہ! کیا کوئی دشمن آگیاہے؟ آپ نے فرمایا: نہیں، آگ سے حفاظت کا سامان لے لو اور سُبْحَانَ اللّٰہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَا إِلٰـہَ إِلَّا اللّٰہُ وَاللّٰہُ أَکْبَرُ کہا کرو، کیوںکہ یہ کلمات تم سے آگے جاکر آخرت میں کام آئیں گے اور تمہارے اچھے انجام کا سبب بنیںگے اور یہی وہ اعمالِ صالحہ ہیں جن کا ثواب باقی رہتاہے۔ ایک روایت میں یہ ہے کہ یہ نجات دینے والے کلمات ہیں۔ اور’’اَوسط‘‘ میں طبرانی کی روایت میں لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ إِلَّا بِاللّٰہِ کا اضافہ بھی ہے۔1 حضرت عمران بن حُصَین ؓ فرماتے ہیں: حضورﷺ نے فرمایا: کیا تم اس بات کی طاقت رکھتے ہو کہ روزانہ اُحد پہاڑ کے برابر عمل کرلیاکرو؟ صحابہ نے عرض کیا: یا رسول اللہ! کون روزانہ اُحد پہاڑکے برابر عمل کرسکتاہے؟ آپ نے فرمایا: تم سب کرسکتے ہو۔ صحابہ نے عرض کیا: یا رسول اللہ! کیسے؟ آپ نے فرمایا: سُبْحَانَ اللّٰہِ کہنا اُحد سے بڑاہے اور اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ کہنا اُحد سے بڑاہے اور لَا إِلٰـہَ إِلَّا اللّٰہُ کہنا اُحد سے بڑاہے اور اَللّٰہُ أَکْبَرُ کہنا اُحد سے بڑاہے۔2 حضرت ابوہریرہ ؓ فرماتے ہیں:میں پودا لگا رہاتھا کہ اتنے میں حضورﷺ میرے پاس سے گزرے اور فرمایا: اے ابوہریرہ! کیا لگارہے ہو؟ میں نے عرض کیا: پودا لگا رہا ہوں۔ فرمایا: کیا میں تمھیں اس سے بہتر پودا نہ بتادوں؟ سُبْحَانَ اللّٰہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَا إِلٰـہَ إِلَّا اللّٰہُ وَاللّٰہُ اَکْبَرُ ان میں سے ہر کلمہ کے بدلے جنت میں ایک درخت لگ جائے گا۔ 1 حضرت ابو ہریرہ ؓ فرماتے ہیں: حضورﷺ نے فرمایا: جب تم جنت کے باغوں پر گزرو تو خوب چَرو۔ میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! جنت کے باغ کیا ہیں؟ آپ نے فرمایا: مسجدیں۔ میں نے عرض کیا: ان میں چَرنے کی کیا صورت ہے؟ آپ نے فرمایا: سُبْحَانَ اللّٰہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَا إِلٰـہَ إِلَّا اللّٰہُ وَاللّٰہُ أَکْبَرُکہنا۔2 حضرت انس ؓ فرماتے ہیں: ایک مرتبہ حضورﷺ نے ایک ٹہنی پکڑ کر اسے ہلایا تاکہ اس کے پتے گریں لیکن کوئی پتّہ نہ گرا۔ آپ نے اسے پھر ہلایا تو پھربھی کوئی پتّہ نہ گرا۔ آپ نے تیسری مرتبہ ہلایا تو پھر پتّے گرنے لگے، اس پر حضورﷺ نے فرمایا:سُبْحَانَ اللّٰہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَا إِلٰـہَ إِلَّا اللّٰہُ وَاللّٰہُ أَکْبَرُ کہنے سے گناہ ایسے گرجاتے ہیں جیسے درخت سے پتّے۔3 حضرت سعد بن اَبی وقاص ؓ فرماتے ہیں: ایک دیہاتی نے حضورﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر عرض کیا کہ آپ مجھے ایسا کلام بتادیں جسے میں پڑھتا رہوں۔ آپ نے فرمایا: تم یہ پڑھاکرو: لَا إِلٰـہَ إِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ، اللّٰہُ أَکْبَرُ کَبِیْرًا وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ کَثِیْرًا وَسُبْحَانَ اللّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ، وَلَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ إِلَّا بِاللّٰہِ الْعَزِیْزِ الْحِکِیْمِ۔ اس نے کہا: یہ تمام کلمات تو میرے ربّ کی تعریف کے ہوگئے میرے لیے کیاہے؟ آپ نے فرمایا: تم یہ دعا مانگاکرو: