حیاۃ الصحابہ اردو جلد 3 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
مجھے وہ کلمات ہی سکھادیں۔ حضورﷺ نے فرمایا: یہ کہو: اَللّٰھُمَّ اغْفِرْ لِيْ ذَنْبِيْ، وَوَسِّعْ لِيْ خُلُقِيْ، وَطَیِّبْ لِيْ کَسْبِيْ، وَقَنِّعْنِيْ بِمَا رَزَقْتَنِيْ، وَلَا تُذْھِبْ قَلْبِيْ إِلٰی شَيْئٍ صَرَفْتَہُ عَنِّيْ۔ اے اﷲ! میرے گناہ معاف فرما اور میرے اخلاق وسیع فرما اور میری کمائی کو پاک فرما اور جو روزی تو مجھے عطا فرمائے اس پر مجھے قناعت نصیب فرما اور جو چیز تو مجھ سے ہٹا لے اس کی طلب مجھ میں باقی نہ رہنے دے۔2 حضرت عبد اﷲ بن جعفرؓ اپنی بیٹیوں کو یہ کلمات سکھاتے اور انھیں ان کے پڑھنے کی تاکید کرتے اور فرماتے: میں نے یہ کلمات حضرت علی ؓ سے سیکھے ہیں اور حضرت علی ؓ نے فرمایا تھا کہ جب حضورﷺ کو کوئی پریشانی یا مشکل کام پیش آتا تو آپ یہ کلمات پڑھتے: لَا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ الْحَلِیْمُ الْکَرِیْمُ، سُبْحَانَہٗ تَبَارَکَ اللّٰہُ رَبُّ الْعَالَمِیْنَ وَرَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ، وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ۔ اﷲ کے سوا کوئی معبود نہیں جو بڑا بُرد بار بڑے کرم والا ہے۔ وہ تمام عیبوں سے پاک ہے۔ اﷲ برکت والا ہے جو تمام جہانوں کا ربّ ہے اور بڑے عرش کا ربّ ہے، اور تمام تعریفیں اﷲ کے لیے ہیں جو تمام جہانوں کا ربّ ہے۔ـ1 حضرت عبداﷲ بن جعفرؓ فرماتے ہیں کہ حضرت علی ؓ نے مجھ سے فرمایا: اے میرے بھتیجے! میں تمھیں ایسے کلمات سکھاؤں گا جو میں نے حضورﷺ سے سنے ہیں، موت کے وقت جو ان کلمات کو کہے گاوہ جنت میں ضرور داخل ہوگا: لَا إِلٰـہَ إِلَّا اللّٰہُ الْحَلِیْمُ الْکَرِیْمُ۔ تین مرتبہ ا للہ کے سوا کوئی معبود نہیں جو بڑا بُردبار بڑے کرم والا ہے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ۔ تین مرتبہ تمام تعریفیں اﷲ کے لیے ہیں جو تما م جہانوں کا ربّ ہے۔ تَبَارَکَ الَّذِيْ بِیَدِہِ الْمُلْکُ یُحْیِيْ وَیُمِیْتُ وَھُوَ عَلٰی کُلِّ شَيْئٍ قَدِیْرٌ۔ وہ ذات با برکت ہے کس کے قبضہ میں تمام بادشاہی ہے۔ وہ زندہ کرتا ہے اور مارتا ہے اور وہ ہر چیز پر قادر ہے۔ 2 حضرت سعد بن جُنادہ ؓ فرماتے ہیں کہ طائف والوں میں سے میں سب سے پہلے نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا، اور طائف کے جنوب میں واقع پہاڑی سلسلے کے بالائی حصہ سے صبح صبح چلا اور عصر کے وقت منیٰ میں پہنچا۔ پھر پہاڑ پر چڑھا اور اُتر کر حضور ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور مسلمان ہوا۔ حضورﷺ نے مجھے {قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ} اور {اِذَا زُلْزِلَتْ} سکھائی، اور یہ کلمات بھی سکھائے: سُبْحَانَ اللّٰہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَا إِلٰـہَ إِلَّا اللّٰہُ وَاللّٰہُ أَکْبَرُ اور فرمایا: یہی وہ نیک کلمات ہیں جو باقی رہنے والے ہیں۔3 حضرت اُبی بن کعب ؓ فرماتے ہیں کہ حضرت محمد ﷺ ہمیں سکھاتے کہ صبح کو ہم یہ دعا پڑھیں: أَصْبَحْنَا عَلٰی فِطْرَۃِ الإِسْلَامِ وَکَلِمَۃِ الإِخْلَاصِ وَسُنَّۃِ نَبِیِّنَا مُحَمَّدٍﷺ وَمِلَّۃِ إِبْرَاھِیْمَ حَنِیْفًا وَّمَا کَانَ مِنَ الْمُشْرِکِیْنَ۔