حیاۃ الصحابہ اردو جلد 3 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
پھر ہم دونوں اکٹھے حضورﷺ کی خدمت میں گئے اور میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! کنویں سے پانی کھینچتے کھینچتے میرے سینے میں تکلیف ہوگئی ہے۔ حضرت فاطمہ نے کہا: چکی پیستے پیستے میرے ہاتھوں میں گٹے پرگئے ہیں۔ اب اللہ نے آپ کے پاس قیدی بھیجے ہیں اور کچھ وسعت عطافرمائی ہے، اس لیے ہمیں بھی ایک خادم دے دیں۔ حضورﷺ نے فرمایا: اللہ کی قسم! صُفّہ والے سخت فقروفاقہ میں ہیں اور بھوک کے مارے ان کا براحال ہے۔ ان پر خرچ کرنے کے لیے میرے پاس اور کچھ ہے نہیں، اس لیے یہ غلام بیچ کر میں ساری رقم ان پر خرچ کروںگا، اس لیے میں تمھیں کوئی خادم نہیں دے سکتا۔ ہم دونوں واپس آگئے۔ ہمارا ایک چھوٹاسا کمبل تھا جب اس سے سرڈھانکتے تو پائوں کھل جاتے اور جب پائوں ڈھانکتے تو سر کھل جاتا۔ رات کو ہم دونوں اس میں لیٹے ہوئے تھے کہ اچانک حضورﷺ ہمارے پاس تشریف لے آئے۔ ہم دونوں اٹھنے لگے تو فرمایا: اپنی جگہ لیٹے رہو۔ پھر فرمایا:تم نے مجھ سے جو خادم مانگا ہے کیا میں تمھیں اس سے بہتر چیز نہ بتادوں؟ ہم نے کہا: ضرور بتادیں۔ فرمایا: یہ چند کلمات مجھے حضرت جبرئیل ؑ نے سکھائے ہیں، تم دونوں ہر نماز کے بعد دس مرتبہ سُبْحَانَ اللّٰہِ، دس مرتبہ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ، دس مرتبہ اَللّٰہُ أَکْبَرُ کہا کرو۔ اور جب بستر پر لیٹا کرو تو ۳۳ مرتبہ سُبْحَانَ اللّٰہِ، ۳۳ مرتبہ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ اور ۳۴ مرتبہ اَللّٰہُ أَکْبَرُ کہاکرو۔ پھر حضرت علیؓ نے فرمایا: اللہ کی قسم! جب سے میں نے یہ تسبیحات حضورﷺ سے سنی ہیں کبھی نہیں چھوڑیں۔ راوی کہتے ہیں ابنِ کوّاء نے حضرت علی ؓ سے پوچھا: کیا جنگِ صفین کی رات کو بھی نہیں چھوڑیں؟ فرمایا: اے عراق والو! اللہ تمھیں مارے! جنگِ صفین کی رات کو بھی نہیں چھوڑیں۔1 ابنِ اَبی شَیبہ میں حضرت علی ؓ کی یہی حدیث اس طرح سے ہے کہ حضورﷺ نے فرمایا: کیا میں تم دونوں کو ایسی چیز نہ بتائوں جو تمہارے لیے خادم سے بھی بہتر ہے؟ تم دونوں ہر نماز کے بعد ۳۳ مرتبہ سُبْحَانَ اللّٰہِ، ۳۳ مرتبہ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ اور ۳۴ مرتبہ اَللّٰہُ أَکْبَرُ کہا کرو۔2 اس طرح یہ سو ہوجائیں گے اور جب رات کو بستر پر لیٹا کرو تو بھی یہی کلمات کہاکرو۔ حضرت اُمِّ سَلَمہؓفرماتی ہیں: حضرت فاطمہ ؓگھر کے کام کاج کی شکایت کرنے حضور ﷺ کی خدمت میں آئیں اور عرض کیا: یا رسول اللہ! چکی پیسنے کی وجہ سے میرے ہاتھوں میں گٹے پڑگئے، خود ہی چکی پیستی ہوں، خود ہی آٹا گوندھتی ہوں۔ حضورﷺ نے ان سے فرمایا: اگراللہ تمھیں کوئی چیز دینا چاہتے ہیں تو وہ تمہارے پاس خود ہی آجائے گی، لیکن میں تمھیں اس سے بہتر چیز بتائوں گا۔ جب تم بستر پر لیٹا کرو تو ۳۳ مرتبہ سُبْحَانَ اللّٰہِ، ۳۳ مرتبہ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ اور ۳۴ مرتبہ اَللّٰہُ أَکْبَرُ کہاکرو ،اس طرح یہ کلمات سو ہوجائیں گے اور یہ تمہارے لیے خادم سے بہتر ہیں۔ صبح کی نماز کے بعد اور مغرب کی نماز کے بعد دس دس مرتبہ یہ کلمات کہا کرو: لَا إِلٰـہَ إِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ، لَہُ الْمُلْکُ وَلَہُ الْحَمْدُ، یُحْیِيْ وَیُمِیْتُ، بِیَدِہِ الْخَیْرُ وَھُوَ عَلٰی کُلِّ شَيْئٍ قَدِیْرٌ۔