الاصول و القواعد للفقہ الاسلامی ۔ فقہ اسلامی کے 413 اصول و قواعد |
قہ اسلا |
|
اسی سلسلہ کی ایک کڑی زیرنظر کتاب ’’الأصول والقواعد للفقہ الإسلامي‘‘ بھی ہے، جس کو محترم المقام جناب مولانا ومفتی محمد جعفر صاحب ملی رحمانی مدظلہ العالی نے بڑی سلیقہ مندی کے ساتھ ترتیب دیا ہے، جنہوں نے فقیہ العصر قاضی القضاۃ حضرت مولانا مجاہد الاسلام صاحب قاسمی نور اللہ مرقدہ کے زیر تربیت رہ کر خصوصی فقہی ذوق پایا ہے، اور جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کوا میں ایک مقبول وکامیاب استاذ ہونے کے ساتھ فتوی نویسی کے فرائض بھی بحسن و خوبی انجام دے رہے ہیں ۔ موصوف نے اس رسالہ میں شیخ ابوالحسن کرخی اور علامہ ابن نجیممصری وغیرہ کے اصول کو سلیس اردو زبان میں منتقل کرکے ایک ایک مثال کے ساتھ واضح کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے، ان قواعد کی افادیت تو روز روشن کی طرح عیاں ہے، کتب فقہیہ خصوصاً شرح وقایہ وہدایہ کی تدریس کے دوران ہمیشہ اس بات کا احساس رہا کہ ان کتابوں کا صحیح لطف وہی اٹھا سکتا ہے، جو ان قواعد پر نگاہ رکھتا ہو۔ اگر ان قواعد کا اہتمام کیا جاوے تو یقینا فقہ میں بصیرت پیدا ہوگی، اساتذہ تو ان قواعد سے مدد لیتے ہی رہے ہیں، مگر طلبہ کی طبیعتیں چوںکہ سہولت پسند ہوگئی ہیںاور مطالعہ و تتبع کا ذوق نہیں رہا کہ مراجع مذکورہ کی طرف مراجعت کریں، اس لئے ضروری تھا کہ اردو میں ایک مختصر کتاب ترتیب دی جائے اور طلباء کو اس سے استفادہ کا مکلف بنایا جائے۔ امید کہ یہ کتاب اس ضرورت کو حل کرنے میں کافی ثابت ہوگی۔ ہر فقہی بلکہ علمی و شرعی ذوق رکھنے والے حضرات سے گذارش کی جاتی ہے کہ وہ اس کتاب کی طرف متوجہ ہوں اور طلباء کو بھی ترغیب دیں۔اللہ تعالیٰ اس کاوش کو بے حد قبول فرمائیں، اس کا نفع عام وتام فرمائیں اور مصنف کے لئے ذخیرۂ آخرت بنائیں۔آمین۔والسلام مخلص محمد رضوان الدین المعروفی خادم الطلبہ جامعہ اسلامیہ اکل کوا ۲۷ ؍صفرالمظفر۱۴۲۶ھ